ملک میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی‘ مختلف حادثات میں بچوں سمیت 12افراد جاں بحق

531

اسلام آباد/ لاہور/ اوکاڑہ/ جہلم/ اٹک/ گجرات/ چارسدہ/ بنوں/ بدین (مانیٹرنگ ڈیسک) طوفانی بارش نے ملک کے مختلف علاقوں میں تباہی مچادی، مختلف حادثات و واقعات میں 12 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ندی نالوں میں طغیانی سے درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع، نکیال آزاد کشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، پشاور، ملاکنڈ سمیت خیبر پختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ترنول میں مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 3 بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اوکاڑہ کے علاقے رینالہ خورد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق جبکہ بچہ زخمی ہو گیا۔ جہلم میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جان سے چلا گیا، 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔ اٹک کے علاقے حسن ابدال میں بھی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 5 سالہ بچی نالے میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔ بنوں میں بھی ندی نالے بپھر گئے جس سے اسکول اور 7 مکان مہندم ہو گئے جبکہ ایک شخص برساتی نالے میں بہہ کر جاں بحق ہو گیا۔بنوں میں گزشتہ رات 3 گھنٹے مسلسل ہونے والی طوفانی بارش سے اسکول اور متعدد گھروں کو نقصان پہنچا اور مختلف حادثات پیش آئے جن میں 3 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ سب سے زیادہ نقصان آمندی حنیف اور بکاخیل کے علا قے میں ہوا۔ شب قدر بازار اور ملحقہ علاقے سیلابی پانی کی لپیٹ میں آگئے۔ شب قدر کے علاقے اٹکے میں 5 سالہ بچہ سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جس کی لاش نکال لی گئی۔ مٹہ مغل خیل کے علاقے غریب آباد میں بارش سے مکان کی چھت گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر 9 سالہ بچہ جاں بحق اور 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔ گجرات میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث بارش زحمت بن گئی۔ فتح جنگ، پسرور اور ڈسکہ میں بھی بارش کے باعث نظام زندگی متاثر ہوا۔ چارسدہ، شبقدر اور تنگی میں رات بھر ہونے والی شدید بارش نے تباہی مچائی۔ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔ سندھ کے ضلع بدین میں 100 سے زائد اسکولوں میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارش کاپانی اب تک جمع ہے اور موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد بھی متاثرہ اسکول نہ کھل سکے۔ بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں 3 دن کے بعد بارش تھم گئی ہے تاہم کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں پر بارش سے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی برقرار ہے۔ پنجاب میں گجرات اور حافظ آباد سمیت کچھ شہروں میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ ادھر باغ آ زاد کشمیر میں بھی تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔