اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عائشہ گلالئی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عائشہ گلالئی سے فنڈ ریزنگ کا حساب مانگا تو الزامات عائد کردیے‘ شریفوں نے گھٹیا پن کا سہارا لیا‘ن لیگ سیاسی اور قانونی طور پر منہدم ہو چکی ہے۔ بدھ کو عمران خان نے پارٹی رہنما عائشہ گلالئی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا کہ عائشہ گلالئی دبئی میں ایک سال سے پی ٹی آئی کے لیے فنڈ ریزنگ کر رہی تھی‘ فنڈ ریزنگ کا حساب مانگا گیا تو انہوں نے ناراض ہوکر مجھ پر الزامات کے انبار لگا دییجن میں کوئی صداقت نہیں ہے‘ کل تک میرے کردار پر کسی کو کوئی مسئلہ نہیں تھا پھر ایک دن میں میرا کردار مشکوک کیسے ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہپارلیمانی بورڈ عائشہ گلالئی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھا اس لیے انہیں کہا تھا کہ ٹکٹ کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا‘ اس بات کا بُرا منا کر انہوں نے پارٹی سے استعفا دیا اور مجھ پر سنگین الزامات لگا دیے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کا اجلاس بدھ کو بنی گالہ اسلام آباد میں ہواجس میں ملکی سیاسی صورتحال اور حکومتی جماعت کی شر انگیزیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں نو منتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے قومی اسمبلی میں پہلے خطاب کے مندرجات کا تجزیہ کیا گیا۔ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے ن لیگ کی سیاسی حکمت عملی اور شریف خاندان کے مستقبل پربھی بات چیت کی جبکہ ڈمی وزیراعظم کی حلف برداری کے بعد نواز شریف سے ملاقات کے قانونی آئینی اور سیاسی اثرات کا جائزہ لیا۔ اجلاس کے شرکا نے حکومت سازی اور کابینہ کی تشکیل میں نواز شریف کے کردار پر شدید تشویش اورناگواری کا اظہارکیا اور عدالت عظمی کی جانب سے متفقہ طور پر نااہل قرار دیے گئے شخص کے حکومت سازی میں کردارکو آئین سے انحراف کی شرمناک کوشش قرار دیا جبکہ الیکشن کمیشن کی معاملے پر خاموشی پر بھی اظہار تشویش کیا گیا۔اسی طرح سے نیب کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز پر کارروائی میں طوالت پر اظہار تشویش کیا گیا۔ اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ ن لیگ سیاسی، اخلاقی اور قانونی طور پر منہدم ہو چکی ہے ‘ الزامات کی سیاست کرنا ن لیگ کا وتیرہ ہے‘عدالت کے اندر اور باہر بے آبرو ہونے کے بعد شریفوں نے گھٹیا پن کا سہارا لیا۔