جج کو وزیراعظم پر نگرں بنا کر غیر آئینی قدم اٹھایا گیا ‘جاوید ہاشمی

328

ملتان(آئی این پی) سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے جج کو وزیراعظم پر نگراں بنا کر غیر آئینی قدم اٹھایا گیا ، جوڈیشل مارشل لا کے ذریعے آئین کو تباہ نہیں ہونے دیں گے، آئین کی بیخ کنی ہوئی تو نہ ملک بچے گا نہ ہی آئین، میں جانتا ہوں عمران خان خواتین کی عزت نہیں کرتے، جھوٹے الزامات لگانے پر عمران خان مجھ سے اور قوم سے معافی مانگیں، ورنہ ہتک عزت کا دعویٰ کروں گا اور عدالت لے کر جاؤں گا۔ وہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ غیر آئینی اقدام اٹھانے سے بہتر ہے عدالت عظمیٰ کو تالا لگا دیا جائے۔ یہ جو کام کررہے ہیں کسی صورت بھی آئین کو قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ججز سے کہہ رہا ہوں ان کے ذریعے آئین کی توہین نہیں ہونی چاہے۔ اگر میری اس پریس کانفرنس کو توہین عدالت سمجھ رہے ہیں تو مجھ پر توہین عدالت لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگایا جاسکتا۔ میں نے کوئی پارٹی نہیں بدلی جس نے اصول توڑا وہ پارٹی چھوڑی۔ میں اپنی آواز خود اٹھا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کا تحفظ ہم سب کی ذمے داری ہے۔ احتساب ہر قیمت پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک آدمی سے کہلوادیں کہ میں نے پیسے لے کر ٹکٹ دیا ، اگر میں نے جرم کیا تھا تو پکڑ لینا چاہیے تھا۔ دوسری جانب جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے جاوید ہاشمی کیخلاف احتجاج کیا اور داغی، داغی کے نعرے لگائے۔ بعض کارکنان نے حملہ کرنے کی بھی کوشش کی تاہم موقع پر موجود صحافیوں اور شہریوں نے انہیں بچالیا۔ ادھر مسلم لیگ (ن) ملتان کے رہنماؤں نے جاوید ہاشمی کے ساتھ بدسلوکی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔