ٹنڈو الہیار ‘ پولیس مویشی کے تاجروں سے بھتا وصول کررہی ہے‘ متاثرین

256

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) پولیس کی بھتا خوری کیخلاف مویشی کے تاجروں کا میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ، پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی۔ پولیس مویشی کے تاجروں کو ہراساں کرکے جبراً بھتا وصول کررہی ہے، مظاہرین۔ بکرے کی قیمت 100 روپے ٹنڈوالہٰیار پولیس کی ضلع بھر کی ناکہ بندی جمعرات کو شہر میں لگنے والی بکرا پیڑی میں آنے والے تاجروں کو داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس نے روک لیا، تاجروں کا کہنا ہے کہ پولیس نے روک کر ہم سے فی بکرا 100 روپے اور بچھڑا 500 روپے دو تو تمہاری گاڑی کو چھوڑا جائے گا جبکہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سید امداد حسین شاہ رضوی نے اپنے ممبران اور بکرا پیڑی کے ٹھیکیدار اور تاجروں کے ہمراہ بکرا پیڑی میں پولیس کی زیادتیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس کی بھتا خوری کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سید امداد شاہ رضوی نے میڈیا کو بتایا کہ بکرا پیڑی میونسپل کمیٹی کے زمرے میں آتی ہے اور ٹھیکیدار ہر سال لاکھوں روپے میونسپل کمیٹی کو ادائیگی کرتا ہے۔ پولیس بجائے تاجروں کو تحفظ دینے کے مختلف حربے استعمال کرکے تاجروں کو تنگ کر رہی ہے جو کہ ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے، ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ دوسری جانب بکرا پیڑی کے ٹھیکیدار سلیمان قریشی کا کہنا ہے کہ پولیس نے بلاجواز بکرا پیڑی میں آنے والے تاجروں کو روک کر ان سے فی بکرے کی قیمت 100 روپے جب کہ فی بچھڑا 500 روپے طلب کیا جس سے کافی نقصان ہوا، ازالہ ہونا چاہیے۔