حیدرآباد‘ شہر میں بھینسوں کے باڑے قائم‘ نکاسی آب کا نظام متاثر

167
حیدر آباد (نمائندہ جسارت) کیٹل کالونی پروجیکٹ کی ناکامی کے باعث شہر بھر میں بھینسوں کے باڑے قائم، باڑوں سے نکلنے والے فضلے کے باعث گٹر اور سیوریج لائنیں بند ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں سیوریج کے مسائل سنگین ہوگئے۔ موجودہ میئر حیدر آباد اور سندھ حکومت نے ایک سال قبل اعلان کیا تھا کہ شہر کو غیرقانونی بھینسوں کے باڑوں سے پاک کیا جائے گا اور اس ضمن میں بجٹ میں بھاری رقم بھی مختص کی گئی تھی۔ اس سلسلے میں کیٹل کالونی منصوبے کو مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا گیا تھا، لیکن گزشتہ ایک سال گزرنے کے باوجود سندھ حکومت اور بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کی جانب سے اس ضمن میں کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔ گلیوں اور محلوں میں قائم باڑے ختم نہیں کیے جا سکے۔ لطیف آباد، قاسم آباد، سائٹ ایریا، پھلیلی، پریٹ آباد، اوڈین سینما، اسلام آباد، گڈس ناکہ اور سائٹ ایریا سمیت متعدد علاقوں میں غیرقانونی بھینسوں کے باڑے قائم ہیں، جس سے شہر میں گندگی اور بیماریاں پھیل رہی ہیں اور شہریوں کو صحت کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بھینسوں کے گوبر نالیوں میں پھینکے سے گٹر، نالیاں اور سیوریج کے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں، عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گلیوں میں قائم بھینسوں کے باڑے فوری طور پر شہری علاقوں سے باہر منتقل کیے جائیں۔