ضلعی انتظامیہ کورنگی صنعتی علاقے کیلیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے گی، نیئر رضا

347

کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین ڈی ایم سی کورنگی سید نیّر رضا نے کہا ہے کہ وسائل کی کمی کے باعث سیوریج اور کچرے کی صفائی کے مسائل حل کرنے میں مسائل کا سامنا ہے، کورنگی انڈسٹریل ایریا کے لیے مؤثر اور خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے لیے تیار ہیں جو علاقے کے مسائل حل کرنے میں براہ راست کردار ادا کرے گی۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسڑی(کاٹی) کے دورے کے موقع پر انہیں کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر مسعود نقی نے کہا کہ صنعت کار وتاجر برادری سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتی ہے، بیروزگاری میں کمی کے لیے ملازمت کے مواقع فراہم کرتی ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ پاکستان میں لے کر آتی ہے لیکن اس کے باوجود ہمیں شکستہ سڑکوں، ناقص سیوریج سسٹم اور گندگی جیسے مسائل سے نجات نہیں ملتی۔ انہوں نے چیئرمین ٰڈی ایم سی کورنگی نیّر رضا کو کورنگی صنعتی علاقے میں آٹھ ہزار روڈ ، دس ہزار روڈ سمیت دیگر کئی سیکٹرز میں شکستہ حال سڑکوں اور سیوریج کا پانی جمع ہونے سے پیداشدہ مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے سینئر نائب صدر غضنفر علی خان نے کہا کہ فوری مسائل حل کرنے کے لیے محض فنڈز کی کمی کا جواز پیش کرکے صورت حال بہتر نہیں ہوگی، اس کے لیے دو قدم آگے بڑھنا ہوگا۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے بلدیات کے سربراہ زبیر چھایا نے اس موقع پر سیوریج اور کچرے سے متعلق کورنگی صنعتی علاقے کو درپیش مسائل سے چیئرمین کورنگی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ منتخب ضلعی انتظامیہ پہلی ترجیح رہائشی علاقوں کو دیتی ہے، کیونکہ ان کا ووٹ بینک وہیں ہوتا ہے جب کہ صنعتی علاقے نظر انداز ہوتے آئے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین کورنگی کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کی تجویز پر فوری عمل درآمد کی بھی تائید کی۔ قبل ازیں چیئرمین ڈی ایم سی کورنگی نیر رضا نے کہا کہ سیوریج سے متعلقہ اختیارات کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے پاس ہیں، حال ہی میں انہیں خط لکھا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ کے برساتی نالوں سے سیوریج لائنیں نکالنے کا کہا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل کے بعد اس حوالے سے بھی ہمارے اختیارات محدود کردیے گئے ہیں، لیکن اس سلسلے میں بھرپور تعاون کے لیے تیار ہیں اور جواباً صنعت کار برادری کا تعاون بھی چاہتے ہیں۔ صدر کاٹی مسعود نقی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو مالی وسائل کی دستیابی سے متعلق ہمیں اندازہ ہے اسی لیے ہم بڑے منصوبوں کا مطالبہ نہیں کرتے بلکہ چاہتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ جو کرسکتی ہے وہ تو کرے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے نائب چیئرمین سید احمر علی، کاٹی کی مجلس عاملہ کے ارکان اکبر فاروقی، سلیم الزماں، طارق باغپتی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔