کراچی( اسٹاف رپورٹر)نیشنل بینک آف پاکستان کے صدراور چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید احمد نے بہاولپور اور ملتان کا دورہ کیا اور ٹاؤن ہال میٹنگوں میں شرکت کی تاکہ عملے کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ان کے خطاب کا موضوع ادارے کی ترقی کے لیے ملازمین کے ساتھ تعلقات کے قیام کی اہمیت تھا۔بہاولپور میں ٹاؤن ہال میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سعید احمد نے کہا کہ این بی پی میں ملازمین کی بہبود کو بہت اہمیت دی جاتی ہے اور ہم ملازمین کی خوشی اور کسٹمر کے اطمینان کے درمیان تعلق کو بھی سمجھتے ہیں جس سے مجموعی طور پر ادارے کو کامیابی ملتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت اس سال این بی پی، ملازمین کی بہبود کے لیے متعدد اقدامات شروع کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ادارے میں جاری ری اسٹرکچرنگ کا مقصد فیلڈ اسٹاف کو بااختیار بنانا، لائن منیجرز اور ماتحت عملے کے درمیان تعلقات کاقیام اور کسٹمر سروس کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ کاوشیں پورے ادارے میں ریوارڈ کلچر کومضبوط بنائیں گی جویقیناً این بی پی کوبھی انڈسٹری میں قائدانہ پوزیشن تک لے کر جائیں گی۔صدر کا دورۂ بہاولپور ملازمین کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ پہلا موقع ہے جب این بی پی کے کسی صدر نے شہر کا دورہ کیا ہے ۔