آسٹریلوی کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان معاوضوں کا تنازع ختم

418

میلبورن (جسارت نیوز) آسٹریلوی کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان طویل عرصے تک جاری رہنے والا معاوضوں کا تنازع ختم ہو گیا اور فریقین میں نیا معاہدہ طے پا گیا ، تنازع ختم ہونے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کا دورہ بنگلا دیش اور انگلینڈ کے خلاف شیڈول ایشز سیریز سے دستبرداری کا خطرہ بھی ٹل گیا اور اب دونوں سیریز طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گی۔ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان گزشتہ 10 ماہ سے معاوضوں کا تنازع چل رہا تھا، 30 جون کو جب کھلاڑیوں کا بورڈ کے ساتھ 5سالا معاہدہ ختم ہوا تو اس سے 230 نامور کھلاڑی بری طرح متاثر ہوئے، تنازع کی وجہ سے کھلاڑیوں نے دورہ بنگلا دیش اور انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز سے بھی بائیکاٹ کی دھمکیاں دیں، حتی کہ کھلاڑیوں نے دورہ بنگلا دیش کو معاوضوں کے تنازع کے حل سے مشروط کیا، بالاآخر گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہان کے درمیان کامیاب مذاکرات طے پا گئے، کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے کہا کہ آئندہ 5 سال کیلئے پے ماڈل پر اتفاق ہوا ہے جو بورڈ کی جانب سے پیش کئے گئے پہلے پروپوزلز سے مختلف ہے، معاہدے میں اس ماڈل کو ’’پلیئر پیمنٹس اینڈ ریونیو شیئرنگ پرنسپلز‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ الیسٹر نکولسن نے کہا کہ نئے معاہدے کے تحت تمام پلیئرز کو ریونیو شیئرنگ میں شریک کیا گیا ہے، اس کے علاوہ شیڈولنگ، گراس روٹ انویسٹمنٹ کے حوالے سے ہمارے مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ نئے معاہدے کے تحت کھلاڑیوں کو پلیئرز پیمنٹ پول سے 459 ملین آسٹریلوی ڈالرز ملیں گے، خواتین کھلاڑیوں کے معاوضوں کو 7.5 ملین سے بڑھا کر 55.2 ملین آسٹریلوی ڈالرز کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے ڈویلپمنٹ پروگرام فنڈز کو بھی دوگنا کر دیا گیا ہے۔