ٹیسٹ کرکٹ میں چتشور پجارا کے4000رنز مکمل 

208

Parvez-Qaiserچتشور پجارا ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ۔ سری لنکا کے خلاف کولمبو میں گزشتہ روز شروع ہوئے میچ میں انہوں نے اپنی سنچری مکمل کرنے سے پہلے ایسا کیا ۔ انہوں نے 50ویں ٹیسٹ کی84 ویں اننگز کے دوران ایسا کیا ۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 4000 یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے بھارت کے 15ویں اور مجموعی طور پر12 ویں کھلاڑی بنے ۔
بھارت کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 1989ء اور 2013ء کے درمیان 200 ٹیسٹ میچوں کی 329 اننگزمیں 51 سنچریوں اور 68 نصف سنچریوں کی مدد سے 53.78 کی اوسط کے ساتھ 15921 رنز بنائے تھے ۔ ان سے زیادہ رنز کوئی دوسرا بلے باز نہیں بنا سکا ۔
راہول ڈراوڈ بھارت کے لیے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 1996ء اور 2012ء کے درمیان جو 163 ٹیسٹ میچ کھیلے ان کی 284 اننگزمیں36 سنچریوں اور63 نصف سنچریوں کی مدد سے 52.63 کی اوسط کے ساتھ 13265 رنز بنائے تھے ۔
بھارت کے لیے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی سنیل گواسکر ہیں، جنہوں نے 1971ء اور 1987ء کے درمیان جو 125 ٹیسٹ میچ کھیلے ان کی 214 اننگز میں 34 سنچریوں اور 45 نصف سنچریوں کی مدد سے 51.12 کی اوسط کے ساتھ 10122 رنز بنائے تھے ۔
وینکٹ ساہی لکشمن کو اس فہرست میں چوتھا مقام حاصل ہے ۔ انہوں نے 1996ء اور 2012ء کے درمیان جو 134 ٹیسٹ میچ کھیلے ان کی 22اننگوں میں 17 سنچریوں اور56 نصف سنچریوں کی مدد سے 45.97 کی اوسط کے ساتھ 8781 رنز بنائے تھے ۔ 50ویں ٹیسٹ تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے بھارتی بلے باز سنیل گواسکر ہیں ۔انہوں نے 50ویں ٹیسٹ تک 4013 رنز بنائے تھے ۔
کولمبو میں چتشور پجارا کی سنچری سری لنکا میں لگا تار ٹیسٹ میچوں میں تیسری ہے ۔ 2015ء میں وہ کولمبو میں آؤٹ ہوئے بغیر 145 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے جبکہ گول میں پچھلے ٹیسٹ میں انہوں نے 153 شاندار اننگز کھیلی تھی ۔