کولمبو ٹیسٹ پہلا روز‘ بھارت نے سری لنکا کیخلاف 3وکٹوں کے نقصان پر 344رنز بنالیے

174

کولمبو (جسارت نیوز) بھارت اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت نے چیتشوار پجارا اور اجنکیا راہانے کی شاندار سنچریوں کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنا لئے۔ پجارا 128 اور راہانے 103 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔ لوکیش راہول 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ گزشتہ روزکولمبو میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ شیکھر دھون اور لوکیش راہول نے 56 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ شیکھر دھون 35 رنز بنانے کے بعد دلروان پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بھارت کو دوسرا نقصان 109 کے مجموعی ا سکور پر اٹھانا پڑا جب لوکیش راہول 57 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ کپتان ویرات کوہلی اپنا روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور 13 رنز بنانے کے بعد رنگنا ہیراتھ کی گیند پر اینجلو میتھیوز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر چیتشوار پجارا اور اجنکیا راہانے نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور کھیل کے اختتام پر ٹیم کا ا سکور 344 تک پہنچا دیا۔ دونوں بلے بازوں نے سری لنکن بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 211 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ چیتشوار پجارا نے 14 ویں سنچری بنائی اور وہ 128 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 10 چوکے شامل ہیں۔ اجنکیا راہانے نے 12 چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے۔ یہ ان کی 9ویں سنچری ہے۔ دلروان پریرا اور رنگنا ہیراتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔