اسلام آباد (آن لائن)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے ۔ بھارتی خفیہ ایجنسیاں اور قابض فوج نے حریت قائدین کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے ۔ من گھڑت الزامات لگا کر حریت رہنماؤں کو بد نام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبایا جا سکے۔برطانوی اوریورپی پارلیمنٹ کے ارکان میری دعوت پرپاکستان اور آزاد کشمیر کے دورے پرآئے ہیں، ان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے شیڈو منسٹر اینڈ ریو گووین، رکن یورپی پارلیمنٹ واجد الطاف خان ،کونسلر عاصم رشید اور راجا نجابت حسین چیئرمین جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہاکہ ہم بھارت کے مذموموم ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم ہو رہے ہیں۔گزشتہ ایک سال میں سیکڑوں نوجوانوں اور طلبہ کو شہید کر دیا گیا۔ پیلٹ گن کے ذریعے نوجوانوں کی بصارت چھینی جا رہی ہے ۔ اس کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ بھارت کے تمام حربوں کے باوجود ہم آزادی حا صل کر کے رہیں گے ۔اس موقع پر برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے یقین دلایا ہے کہ وہ اپنی حکومت پر مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں زیر بحث لانے کے لیے زور دیں گے ۔ اس وقت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہر سطح پر مکالمے کے دروازے بند ہیں۔ بھارت پاکستان کے ساتھ بات کرتا ہے نہ کشمیریوں کے ساتھ،مخدوش صورتحال میں عالمی برادری ذمے داری پوری کرے۔برطانوی پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیبر پارٹی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائی ہے ۔ میرے دورہ برطانیہ کے دوران ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کی مذمت کی ۔ برطانیہ دنیا کا اہم ملک اور سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے۔ وہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔