مظفر آباد (صباح نیوز)کشمیر کی سرزمین شہدا کے لہو سے سرخ ہوچکی ہے، کشمیر میں جلدآزادی کی سحر پھوٹے گی۔ ان خیالات کا اظہار حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے کولگام میں بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے حزب کے 2جانبازوں عاقب ایتو اور سہیل احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لہو قطعاً رائیگاں نہیں جائے گا اور مجاہدین کے عزم کے سامنے دشمن عنقریب سرنگوں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کا اپنے ہیروز کے ساتھ والہانہ لگاؤ اپنی مثال آپ ہے، یہی وجہ ہے کہ قوم کے نوجوان، بچے، بوڑھے اور عورتیں بے خطر مجاہدین کے لیے ڈھال بن جاتے ہیں۔ جس قوم کے دل مجاہدین کے ساتھ دھڑکتے ہوں، ممکن ہی نہیں وہ قوم زیادہ دیر غلامی کی زنجیروں میں جکڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ ظلم کے اندھیرے چھٹ جائیں گے، اور وطن عزیز دشمن کے چنگل سے آزاد ہوگا۔ تنظیم کے ڈپٹی چیف سیف اللہ خالد اور فیلڈ آپریشنل کمانڈر محمود غزنوی نے بھی شہداکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ شہدا کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔