اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ حلفیہ کہتا ہوں عائشہ گلالئی سے آج تک ملاقات نہیں ہوئی، قوم کی بیٹی سمجھ کر تھوڑی دیر کے لیے فون پر بات ہوئی مگر پھر کال کٹ گئی، 50کروڑ روپے دینے کی بات غلط ہے، الزام لگانے پر ہرجانے کا نوٹس بھجواؤں گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرمقام نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے عمران خان کے کرتوت کے خلاف بات کرکے سچائی اور بہادری کا مظاہرہ کیا جس کی میں نے تعریف کی۔ مجھے کیا ضرورت ہوگی کہ عائشہ گلالئی کو کروڑوں روپے کے عوض عمران خان کے خلاف تیار کروں۔عمران خان کے بارے میں امریکا سے بنی گالہ تک سب جانتے ہیں۔ ہمیں ان کے کردار کے متعلق50کروڑ میں عائشہ گلالئی کو خریدنے کا کیا فائدہ۔ انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی کو پیسے دینے کا الزام لگانے والوں کے خلاف عدالت میں جائیں گے، عمران خان مجھے اخلاقیات سیکھاتے ہیں۔ اب میں عمران خان کو نہیں چھوڑں گا، تیار ہو جائیں میں آرہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اخلاقی پستی جبکہ ان کی پارٹی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ کے پی کے میں پی ٹی آئی کے وزراایک دوسرے کے خلاف کرپشن کے ثبوت ہاتھوں میں تھامے پھر رہے ہیں۔ امیرمقام نے کہا کہ پرویز خٹک پر کروڑوں روپے کرپشن کے الزامات ہیں۔