سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کولگام اور شوپیاں کے اضلاع میں مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا، شہدا کے جنازے میں 30 ہزار سے زائد افراد کی شرکت، مجاہدین کی جانب سے کیے جانے والے ایک حملے میں میجرسمیت 3 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے، کشمیریوں کے قتل میں اضافے اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کے خلاف حریت قیادت کا آج بعد نماز جمعہ مظاہروں کا اعلان، نئی دہلی کی عدالت نے جھوٹے مقدمے میں حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری کا 6 روزہ ریمانڈ دے دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے گزشتہ صبح کولگام کے گاؤں گوپال پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران عاقب احمد ایتو اور سہیل احمد راتھر نامی نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کردیا، 30 ہزار سے زائد افراد نے دونوں شہید نوجوانوں کے آبائی علاقوں میں ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی، شہدا کو آزادی کے حق میں اور بھارت کیخلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔ ضلع کے علاقے تانترے پورہ میں سہیل احمد کے جنازے میں مجاہدین نے بھی شرکت کی اور شہید نوجوانوں کو ہوائی فائرنگ کرکے سلامی پیش کی۔ علاوہ ازیں ضلع شوپیاں کے علاقے زائی پورہ میں مجاہدین کے ایک حملے میں بھارتی فوج کے میجر کملیش پانڈے سمیت 3 بھارتی فوجی ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے ایک بیان میں کشمیریوں کے قتل عام میں اضافے اور حریت رہنماؤں کی رہائش گاہوں پر بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے چھاپوں کے خلاف کل مقبوضہ علاقے میں نماز جمعہ کے بعد مظاہروں کی کال دی ہے۔ دہلی کی ایک عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ کا ایک جھوٹے مقدمے میں انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطالبے پر 6 روزہ ریمانڈ دے دیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری نظر بندوں کو بھارتی جیلوں میں ان کے اہلخانہ اور ملاقات کیلیے آنے والے دیگر لوگوں کے سامنے برہنہ لایا جاتا ہے اور انہیں سخت تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بیان میں کہا کہ کٹھوعہ جیل جموں کی صورتحال خاص طور پر انتہائی خوفناک ہے۔ علاوہ ازیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بلال احمد صدیقی کی سربراہی میں ایک وفد نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں منگل کو شہید ہونے والے نوجوانوں عارف لیلہاری اور فردوس احمد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے پلوامہ کے علاقوں لیلہار اور بیگم باغ گئے۔ علاوہ ازیں حریت رہنما ظفر اکبر بٹ اور جاوید احمد میر غیر قانونی طور پر نظر بند آزادی پسند رہنماؤں شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، شاہد الاسلام، پیر سیف اللہ، مشتاق الاسلام اور معراج الدین کلوال کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھر بھی گئے۔ ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری غیر ملکی قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور یہ ایک عوامی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ نے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں اور کشمیری ان کے مطابق تنازع کے حل کے خواہاں ہیں۔ ڈاکٹر فائی نے کہا کہ عالمی ادارے کی طرف سے مسئلے کے حل میں عدم دلچسپی کی وجہ سے بھارت کو مقبوضہ علاقے میں مظالم ڈھانے کیلیے شہ مل رہی ہے۔ تقریب سے کشمیر جرنلسٹ فورم اسلام آباد کے صدر عابد خورشید نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی حل کیا جاسکتا ہے۔