پنجاب اسپورٹس بورڈ سے قومی کرکٹ مضبوط ہوگی‘ ظہیر عباس

351
لاہور (جسارت نیوز)صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ جشن آزادی کے اسپورٹس ایونٹس صوبہ بھر میں جاری ہیں جس میں نوجوان بہت گرمجوشی سے حصہ لے رہے ہیں،ان ایونٹس کا مقصد نوجوانوں کو آگاہی دینا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک نعمت ہے جو اس نے ہمیں عطا کی ہے، اس سے محبت اور اس کی ترقی ہمارا فرض ہے، اسپورٹس کے مقابلوں سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے، ڈائریکٹر جنرل ا سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ کرکٹ نوجوانوں کا مقبول ترین کھیل ہے، اسپورٹس بورڈ پنجاب نے جشن آزادی کے ا سپورٹس ایونٹس میں کرکٹ کپ کا بھی اہتمام کیا ہے، لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کی نگرانی میں نئے کرکٹرز کو تربیت دی جارہی ہے، چیف منسٹر جشن آزادی انٹر اکیڈمیز کرکٹ کپ کے انعقاد سے نوجوان کے کھیل میں بہتری آئے گی، ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز اسپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں کرکٹ کا جنون ہے، 8 ماہ کی محنت سے نوجوانوں کے کھیل میں بہت بہتری آئی ہے،نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے،انکی تربیت کرکے قومی ٹیم کو اچھے کھلاڑی دیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب کھیلوں کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اسلئے کرکٹ اکیڈمیز کا قیام عمل لایا گیا ہے جس میں نوجوانوں کو تربیت دے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں چیف منسٹر جشن آزادی انٹر اکیڈمیز کرکٹ کپ کے افتتاحی روز ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھلاڑیوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس محمد انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو و دیگر افسران بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزاہ نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات شہر شہر اور یونین کونسل کی سطح پر ہورہی ہیں، جس سے نوجوانوں کی حب الوطنی میں اضافہ ہوگا، ان ایونٹس سے نوجوان کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے، نوجوانوں کو ا سپورٹس کی جدید سہولتیں دی جارہی ہیں اور ہم امید کرتے ہیں مستقبل میں نوجوان پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے سیالکوٹ اور راولپنڈی ریمز کے درمیان ہونیوالے افتتاحی میچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس انسان میں ڈسپلن لاتی ہے، ہر فردکیلئے اسپورٹس ضروری ہے تاکہ وہ صحتمندکے ساتھ ساتھ ڈسپلن کا بھی پابندرہے، نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ا سپورٹس بورڈ پنجاب نے جشن آزادی کے بہترین ایونٹس منعقد کئے ہیں، جس میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کا اظہار کررہے ہیں،یہ باعث فخر ہے کہ نوجوان کرکٹرز کو ظہیر عباس جیسے لیجنڈ کرکٹرز تربیت دے رہے ہیں ، ا سپورٹس بورڈ پنجاب کی کرکٹ اکیڈمیز میں نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکھار رہے ہیں، نوجوان اسپورٹس کی طرف آئیں اور اپنا مستقبل محفوظ بنائیں۔ ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز اسپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے کہا کہ جشن آزادی منانے کیلئے نوجوان کرکٹرز کے انٹر اکیڈمیز مقابلے کرارہے ہیں، مجھے بہت خوشی ہے کہ نوجوان جنون کی حد تک کرکٹ سے لگاؤ رکھتے ہیں اور وہ سمجھ گئے ہیں کہ ٹی 20کرکٹ کیا ہے، 8 ماہ کی محنت سے لڑکوں کے کھیل میں کافی بہتری آئی ہے، ہم نوجوانوں کوبہترین تربیت دیکر قومی ٹیم کیلئے تیار کریں گے، ہمارا کام انکے ٹیلنٹ کو درست سمت میں آگے بڑھانا ہے، ہم ان پر محنت کررہے ہیں اور لڑکے بھی لگن سے سیکھ رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہدایت پربنائی گئی ا سپورٹس بورڈ پنجاب کرکٹ اکیڈمیز اب ایک انسٹی ٹیوشن بن چکی ہیں، ہرسال نئے لڑکے تیار کریں گے، جس سے ہماری قومی ٹیم مزید مضبوط ہوگی،قبل ازیں مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ چیف منسٹر جشن آزادی انٹر اکیڈمیز کرکٹ کپ کی تقریب میں پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، کرکٹ کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کا مہمان خصوصی سے تعارف کرایا گیا، کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔