علامہ اقبال روڈ سے ٹینکر مافیا کا قبضہ ختم کرایا جائے، وزیر علی قادری

153

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ای سی ایچ ایس بلاک 2علامہ اقبال روڑ پر گزشتہ 2ہفتوں سے ٹینکر مافیا نے قبضہ کرلیا اور من مانی کرتے ہوئے صبح سے رات گئے تک وہاں پر درجنوں ٹینکرز کھڑے ہوجاتے ہیں ۔ یہ ہی نہیں وہیں ٹینکرز کی مرمت و دھلائی کا کام بھی کیا جاتا ہے جبکہ ضلع شرقی یونین کمیٹی 8 وارڈ 2کے جنرل کونسلر سید وزیر علی قادری نے علاقہ مکینوں کی شکایت پر دورہ کیا تو کئی ٹینکرز ڈرائیور سوتے ہوئے پائے گئے۔اس موقع پر اہل محلہ نے شکایات کے انبار لگا دیے اور حکام بالا سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پوش ایریا ہے اور یہاں تجاوزات بھی بڑھتی جارہی ہیں جس میں ایک ہوٹل نے تو پوری سڑک گھیر رکھی ہے جہاں ا س کا مالک کرسیاں اور ٹیبل لگا دیتا ہے ،رکشہ ڈرائیور چائے و کھانا کھانے کے لیے آتے ہیں تو ٹریفک جام ہوجاتا ہے ،فیملیز کا وہاں سے گزرنا اور جنرل اسٹورز سے روز مرہ کی اشیا خریدنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ یہاں تو اب چرس اور منشیات بھی عام ہوگئی ہے اور ہمیں ڈر ہے کہ نئی نسل اور نوجوان اس لعنت میں نہ مبتلا ہوجائے۔ جنرل کونسلر سید وزیر علی قادری نے یقین دلایا کہ جلد اس لعنت سے چھٹکارا حاصل ہوجائے گا اوروہ خود متعلقہ حکام سے ملاقات کرکے ٹینکرز مافیا ، تجاوزات اور منشیات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کا کہیں گے۔