شہر بھر میں 70واںیوم آزادی منانے کی تیاریاں عروج پر

288

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)پاکستان کا 70واں یوم آزادی قومی جذبے جوش و خروش کے ساتھ منانے کی بھرپور تیاریاں شروع ہوچکی ہیں ،شہرقائد کی بلند عمارتوں سمیت سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیے گئے ہیں، مختلف علاقوں کے محلے اور گلیاں قومی پرچم کی جھنڈیوں سے سجا دی گئی ہیں ۔ کراچی شہر کے 300 سے زائد مقامات، چوراہوں، شاہراہوں پر قومی پرچم، بیج، قائد اعظم کی تقاریر اور قومی پرچم کی بنی ٹی شرٹ کی فروخت جاری ہے۔دوسری جانب گاڑیوں پر بھی قومی پرچم لگائے گئے ہیں جبکہ بعض محلوں سمیت گاڑیوں میں قومی نغمے بجائے جارہے ہیں، کاغذی بازار، اردو بازار، عائشہ منزل، کورنگی، لانڈھی، ملیر، ڈیفنس، کلفٹن ، شادمان ٹاؤن، نیو کراچی، ماڈل کالونی، اعظم بستی سمیت دیگر علاقوں میں قومی پرچم کے بڑے بڑے اسٹال لگائے گئے ہیں ۔اس موقع پر قومی پرچم کے ماسک، عینک، بیج، پرچم، جھنڈیاں، ہینڈ بینڈ اور دیگر اشیا فروخت ہورہی ہے خواتین سبز اور سفید رنگ کی چوڑیاں پہن کر وطن سے محبت کا اظہار کررہی ہیں،سیاسی، مذہبی ، سماجی تنظیمیں اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہیں۔