حکومت و ینگ ڈاکٹروں کی محاذ آرائی سے نقصان صرف مریضوں کا ہے‘ جماعت اسلامی 

252

لاہور (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات اور مسائل کے حل کیلیے حکومت مثبت اقدامات اٹھائے تاکہ حکومت اور ڈاکٹرز کی اس محاذ آرائی میں غریب مریضوں کو مشکلات اور پریشانیوں سے بچایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے شہر میں 5روز سے جاری جناح اسپتال اورشیخ زید اسپتال میں الائیڈ ہیلتھ آرگنائز یشن کی ہڑتال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی آمرانہ پالیسیوں نے غریب عوام کو سرکاری اسپتالوں میں تھوڑی بہت ملنے والی سہولیات سے محروم کردیا ہے جس کے باعث عوام کے ذہنوں میں یہ تاثر پیدا ہو ا رہاہے کہ حکومت اور ڈاکٹرز اپنے مفادات کی آڑ میں قیمتی انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں جبکہ کئی زندگیاں جان کی بازی ہار چکی ہے اور مجال ہے کہ حکمرانوں کے کان پر جوں تک رینگی ہو ۔انہوں نے کہا کہ دیکھا جائے تو حکومت اور صحت کے اداروں کی غفلت سے ہی صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے اگر ینگ ڈاکٹر ز سے فی الفور مذاکرات شروع کر دیے جاتے تو معاملات اس قدر خراب ہونے کے ساتھ پنجاب بھر سے آنے والے غریب مریضوں کا استیصال نہ ہوتا۔ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت کی سینٹرل انڈکشن پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز کو اپنی مرضی کے شعبہ کی پڑھائی کرنے کا حق دیا جائے اور آمرانہ پالیسیوں کا خاتمہ کیا جائے تاکہ دور دراز سے آنے والے مریضوں کا علاج معالجہ ہو سکے اور اس مقدس پیشہ کو مزید بدنامی سے بچایا جا سکے ۔