ڈکٹیٹر قوم کو مکے دکھاتے اور اغیار کے تلوے چاٹتے ہیں‘ سعد رفیق

173

اسلام آباد(آ ئی این پی+اے پی پی)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف آئین شکن اور عوام دشمن تھے ،ان کی آمرانہ پالیسیوں نے پاکستان کی بنیادیں ہلادیں، جمہوریت کو گزند پہنچانے والے ڈکٹیٹر تاریخ کے کوڑے دان کی نظر ہوگئے،آج ان کی قبروں پر رونے والابھی کوئی نہیں،پاکستانی ڈکٹیٹر قوم کو مکے دکھاتے ہیں اور اپنے بیرونی آقاؤ ں کے تلوے چاٹتے ہیں،مشرف کا تاریخ کی عدالت میں ایک دن احتساب ضرور ہوگا ،وہ قومی مجرم کے لقب سے کبھی بچ نہیں سکتے۔ہفتے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف آئین شکن اور عوام دشمن تھے، ان کی آمرانہ پالیسیوں نے پاکستان کی بنیادیں ہلاڈالیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو گزند پہنچانے والے ڈکٹیٹر تاریخ کے کوڑے دان کی نظر ہوگئے،انہیں اور ان کی عوام دشمن پالیسیوں نے سوائے ملک کو نقصان پہنچانے کے کچھ نہیں کیا، آج انہیں کوئی یاد نہیں کرتایہاں تک کہ ان کی قبروں پر رونے والابھی کوئی نہیں جبکہ عوام کے منتخب کردہ حکمران اپنی کاکردگی کے باعث اپنے خامیوں سمیت آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر ملک میں جعلی ترقی اور مصنوعی تبدیلی لاتے ہیں جن کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا اوراپنے ناجائز اقتدار کو دوام دینے کیلیے قومی خود مختاری پر سمجھوتے کرتے ہیں۔ انہوں نے پرویز مشرف پر براہ راست تنقید کرتے ہوئے کہا پاکستانی ڈکٹیٹر قوم کو مکے دکھاتے ہیں اور اپنے بیرونی آقاں کے تلوے چاٹتے ہیں،مشرف اپنی خراب پالیسیوں کے باوجود بچ کر نکل گئے مگر تاریخ کی عدالت میں ایک دن ان کا احتساب ضرور ہوگا وہ قومی مجرم کے لقب سے کبھی بچ نہیں سکتے۔