کراچی (اسٹاف رپورٹر)سی ٹی ڈی نے خودکش حملوں اور دیگر کارروائیوں میں ملوث مبینہ72 دہشت گردوں کی نئی ریڈ بک جاری کر دی ہے۔ ریڈ بک کا یہ آٹھواں ایڈیشن حساس اداروں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ ریڈ بک میں داعش، القاعدہ، لشکر جھنگوی اور جنداللہ کے دہشتگردوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ ریڈبک کی نئی جلد جاری کردی جس میں حکو مت کو مطلوب دہشت گردوں اور ان کے سہولت کا روں کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ نئی بک میں پہلی بار دہشت گردوں کی مکمل معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ ان دہشت گردوں میں داعش سے روابط رکھنے والے ملزمان اور سانحہ صفورا گوٹھ بس حملے میں ملوث ملزمان کے نام بھی شامل ہیں۔ ریڈ بک کا یہ آٹھواں ایڈیشن ہے جس کی تفصیلات سی ٹی ڈی نے تمام قانون سازاداروں اور سیکورٹی ایجنسیز سمیت متعلقہ اداروں کو بھی بھیج دی ہیں۔ ریڈ بک کے پہلے اور دوسرے حصے میں مختلف کالعدم تنظیموں کے عسکری ونگ کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ اس میں مجرموں کی مکمل معلومات بشمول ان کی تصاویر، کریمنل ریکارڈ اور دہشت گرد گروپوں سے تعلق کے ساتھ ساتھ ان کے جرائم اور اب سے پہلے ہونے والی گرفتاریوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔ کالعدم تنظیموں میں داعش ، القاعدہ ، تحریکِ طالبان پاکستان ، لشکرِ جھنگوی ،سپاہِ صحابہ، تحریکِ جعفریہ ، پاسبانِ اسلام ، مہدی فورس اور سپاہِ محمد پاکستان شامل ہیں۔ ریڈ بک کے ایک حصے میں کراچی سے آپریٹ کرنے والے عسکریت پسندوں کی معلومات دی گئی ہیں۔