اسلام آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سابق امیر و رکن قانون سازاسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیری بھی امت مسلمہ کا حصہ ہیں وہ امت کی طرف دیکھ رہے ہیں اسلامی ممالک کو کشمیریوں کی آزادی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ،عرب اور اسلامی ممالک بھارت کا معاشی اور سیاسی بائیکاٹ کردیں تو کشمیر دنوں میں آزاد ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں وہ آزادی کی منزل حاصل کر کے پاکستان کی تکمیل کریں گے ۔ان خیالات کااظہار
انہوں نے تقریبات سے خطاب ،وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عبد الرشید ترابی نے کہا کہ 13لاکھ کشمیری تارکین وطن تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کے سفیر بن کر اپنا کردار ادا کریں ،نریندر مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے جنوبی ایشیا بڑی جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے، 2 ایٹمی ملکوں کے درمیان جنگ پوری دنیا کو متاثر کرے گی ،عالمی برادری کو اس سنگینی کا نوٹس لینا چاہیے ،نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم کی انتہا کر دی ہے مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر رہا ہے ۔رشید ترابی نے کہا کہ بیس کیمپ کے قومی وقار اور تشخص پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، کشمیریوں کی جدوجہد تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے، مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔