عمران خان نے گلالئی کو غیر مناسب میسج بھیجنے کا الزام مسترد کردیا

339

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عائشہ گلالئی کو غیر مناسب میسج بھیجنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے پارلیمانی کمیٹی کے ماتحت عائشہ گلالئی اور ان کے والد کے موبائل فونز کا فرانزک آڈٹ ماہرین سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس ساری کہانی کے پیچھے ن لیگ کا ایجنڈا ہے۔ گزشتہ روزایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں ثابت کروں گا کہ ن لیگ نے پیسہ چلایا ہے‘ امیر مقام اس مہم کے پیچھے ہے اور یہ مہم باقاعدہ ایک منصوبہ بندی سے شروع کی گئی ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ عمران خان نے کہا کہ غیر جانبدار ماہرین گلالئی کے فون کا ڈیٹا چیک کریں کہ کیا واقعی میں نے اسے غلط میسج بھیجے ہیں تاکہ پتاچل سکے کہ ان کے کس کس کے ساتھ رابطے تھے۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران اپنے باہر پڑے پیسے کو بچانے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے‘ یہ آصف زرداری سے رابطہ کریں گے‘ بھارت سے مدد لیں گے ‘یہ پاکستان کے لیے بڑے خطرناک ہیں‘ این اے 120کا الیکشن لڑیں گے اب لاہور میں جنگ ہو گی۔ علاوہ ازیں ٹوئٹر پر دیے اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ عائشہ احد کے الزامات نومنتخب وزیراعظم کے لیے پہلا امتحان ہے‘ اب دیکھنا ہے کہ شاہد خاقان اس معاملے پر کمیٹی بناتے ہیں یا شریفوں کے درباری ہی رہیں گے‘ عائشہ احد کو7 سال سے انصاف نہیں ملا ہے۔ دریں اثنا تحریک انصاف کے ترجمان نے بلاول زرداری کی تقریر پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کے عزائم سے بلاول کے والدکو سنگین خطرہ ہے‘ بلاول کے والد پختونخوا میں کرپشن کرتے تو انہیں احتساب اور احتساب کمیشن دونوں نظر آ جاتے‘ بلاول کرپشن کے بارے میں بات کرکے اپنے والد کو شرمندہ نہ کیا کریں۔