قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات سے انحراف نے آدھا ملک گنوادیا‘ سراج الحق

1044

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک پر مسلط اسٹیٹس کو کی قوتوں اور عالمی استعمار کے غلاموں نے قائد اعظم کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیاہے۔ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے نظریات سے انحراف کر کے آدھا ملک گنوادیا گیا اور باقی ماندہ پاکستان غربت ، جہالت ، بدامنی ، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں ڈوباہواہے۔ کرپشن اور بد دیانتی نے قومی اداروں کو تباہ کر دیا ہے ۔سیاسی جماعتیں فیملی لمیٹڈ کمپنیاں بن چکی ہیں اور ان بگڑے رئیس زادوں اور شہزادوں کو سیاست میں لانے کا جرم کر رہی ہیں ، جنہیں لوٹ کھسوٹ کے علاوہ کوئی کام نہیں آتا ۔ جس جمہور اور جمہوریت نے پاکستان بنایا تھا ، وہ جمہوریت آج بچہ جمہورا بن چکی ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری 20 ممالک سے آئے بیرونی مندوبین کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کچھ قوتیں متفقہ آئین کو متنازع بنا کر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں اور ایسے بیانیے سامنے آ رہے ہیں کہ سول بالادستی کے بجائے ڈکٹیٹرشپ کی حمایت میں آواز یں اٹھ رہی ہیں ۔یہ بیانیہ ان لوگوں کی طرف سے سامنے آرہاہے جو خود ظلم و جبر اور آمریت کے اس نظام کی پیداوار ہیں اور وہ اسی نظام کو ملک و قوم پر مسلط رکھنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اگر سیاسی جماعتیں 2 نمبر اور کرپٹ لوگوں کو پارٹی ٹکٹ بیچنے اور رسہ گیروں کو اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہونے کا موقع نہ دیتیں تو آج صورتحال مختلف ہوتی ۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ آئین سے 62،63 نکالنے کی باتیں کرنے والوں کو سوچنا ہوگا کہ اگر ارکان اسمبلی کے لیے صادق اور امین ہونا ضروری نہیں ہے تو کیا پھر کلرک کے لیے دیانتدار ہونا ضروری ہے؟ اگر ایسا ہے تو پھر جیلوں کے دروازے کھول کر ان تمام لوگوں کو رہا کر دیناچاہیے جو چوری اور ڈکیتی کے جرم میں بند ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں افراد اور خاندانوں کے بجائے آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ حکمرانوں کے پاس کوئی وژن نہیں اور وہ ذاتی مفادات سے نکلنے اور اپنی ذات سے آگے سوچنے کے لیے تیار نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کے نام پاناما اسکینڈل میں شامل ہیں ، ان سب کے لیے جے آئی ٹی بننی چاہیے اور جلد از جلد پاکستان سے لوٹی گئی دولت کو واپس لانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک سے اسٹیٹس کو کو توڑنے اور ظلم و جبر کے اس نظام کو بدلنے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ عوام اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں اور آئندہ انتخابات میں کرپٹ اور بد دیانت لوگوں کے بجائے دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت کا انتخاب کریں ۔