کولمبو(جسارت نیوز) بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 53 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ فالو آن کے بعد سری لنکن ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 386 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ دیمتھ کرونارتنے نے 141 رنز کی اننگز کھیلی۔ روندرا جدیجا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہیں میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے فالو آن کے بعد اپنی دوسری نامکمل اننگز 209 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کو تو دیمتھ کرونا رتنے 92 اور پشپاکمارا 2 رنز پر کھیل رہے تھے۔ 16 کے انفرادی اسکور پر ایشون نے پشپا کمارا کو کلین بولڈ کر دیا۔ کپتان دنیش چندیمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 2 رنز بناکر روندرا جدیجا کی گیند پر راہانے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دیمتھ کرونا رتنے نے 141 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جس میں 16 چوکے شامل تھے، یہ ان کے کیریئر کی چھٹی سنچری ہے، انہیں جدیجا نے آؤٹ کیا۔ اینجلو میتھیوز 36 ، دلروان پریرا 31 ، نروشن ڈکویلا 31 ، دھنن جایا ڈی سلوا 17 اور نوان پردیپ ایک رن بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ رنگنا ہیراتھ 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم 386 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کی وجہ سے اسے اننگز اور 53 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ روندرا جدیجا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ ایشون اور پانڈیا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس جیت کے بعد بھارت کو3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔