حیدر آباد (نمائندہ جسارت) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ سندھی قوم پرستوں کو اپنی مخصوص رائے رکھنے کے جرم میں عدالتوں میں پیش کرنے کے بجائے انہیں پکڑ کر غائب کرنا سخت قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی کارکنوں کی رائے تبدیل کرانے کے بجائے ان پر تشدد کرنا اور ہراساں کرنا انسانی حقوق اور جمہوریت کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے سیکڑوں افرد کو غیر قانونی طور پر اغوا کرکے قتل کیا گیا ہے، ان کی مسخ شدہ لاسیں پھینکی گئی ہیں، نوجوانوں ہی نہیں بزرگوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست رہنما پنہل ساریو کو پکڑ کا غائب کیا گیا، اس کا خاندان سخت پریشانی کی حالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے ووٹرز کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے اور حکمران تماشا دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے ڈکٹیٹروں کے حق میں بیان بازی کرکے پاکستان کے عوام کی توہین کی ہے۔ مارشل لا کے ذریعے بھی ملک کو تباہ کیا گیا ہے۔ آمریت نے قوم کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔