ایم کیوایم کے قانونی دفاتر کھولنے پرغور ہوگا،گورنرسندھ

148

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) ایم کیو ایم سے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں، ایم کیو ایم سے بات چیت ضروری تھی ، ان کے قانونی دفاتر کھولنے پر غور ہوگا،سندھ کے دو بڑے شہروں کا مینڈیٹ ان کے پاس ہے، ن لیگ نے ہمیشہ سے کراچی کی ترقی اور انفرااسٹریکچر کو مضبوط بنانے کی بات کی، نوازشریف نے حیدرآباد کے لیے جو ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا تھا اسے جلد مکمل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار گورنر سند ھ محمد زبیر نے کراچی کونسل اینڈ فارن ریلیشنکی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے سابق وفاقی مشیر طارق فاطمی نے بھی خطاب کیا۔ گورنر نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کو تجارتی تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے ناسور سے ملک کی سرگرمیاں ماند پڑگئی تھیں جسے ن لیگ کی حکومت نے ختم کیا۔گورنرنے کہا کہ گلالئی نے خیبرپختونخوا حکومت پر کرپشن کا جو الزام لگایا اس کی تحقیقات بے حد ضروری ہیں، عمران خان سیاسی مخالف ہیں تو ان کا مقابلہ سیاست سے ہی کرنا چاہیے، گلالئی نے موبائل مسیجز کے جو الزامات لگائے اس معاملے کو دیکھنا پارلیمانی کمیٹی کی ذمے داری ہے ہم سب کو فیصلے کا انتظار کرنا اور اسے قبول کرنا ہوگا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے کونسل جنرل اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار تاجر برادری سمیت عمائدین شہر نے شرکت کی۔علاوہ ازیں گورنر سندھ نے میر پورخاص میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تین رکنی وفد جس کی قیادت میر پور خاص سے رکن صوبائی اسمبلی ظفر کمالی کر رہے تھے، سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھلے ہوئے ہیں جو بھی جماعت عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے ان سے ملنا چاہے اس کا خیر مقدم کیا جائے گا۔