میٹرک سائنس‘ جنرل گروپ اور خصوصی طلبہ کے نتائج کا اعلان

747

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے اسکول سرٹیفکیٹ کورس (ایس ایس سی) سائنس گروپ،جنرل گروپ اور خصوصی طلبہ سال دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2017ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ نتائج کے مطابق سائنس گروپ کے مذکورہ امتحان میں کلثوم بھائی ولیکا سول ایوی ایشن اتھارٹی ماڈل اسکول ،کالج ائر پورٹ کے علی ضیا خان نے 93.88فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی نمایاں پوزیشن حاصل کی، دی کریسنٹ اکیڈمی کیمپس 1گلشن اقبال بلاک3 کے سید افنان احمد بخاری نے 93.52 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ پروگرامر اسکول نارتھ کراچی کی لائبہ شہزاد نے 93.41 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح جنرل گروپ میں اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول بلاکB نارتھ ناظم آباد کی حافظہ رومیسہ ابرارنے 91.05فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی، دوسری پوزیشن بھی اسی اسکول کی صنوبیہ اکرم نے 89.76 فیصد نمبر حاصل کے دوسری جبکہ سٹیزن سیکنڈری اسکول گرلز کیمپس گلشن اقبال باتھ آئی لینڈ کی زوجیجہ نے 89.17 فیصد نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مزید برآں خصوصی طلبہ کی تینوں پوزیشنیں ابسا اسکول ڈی ایچ اے کورنگی روڈ نے حاصل کیں جن میں فاریہ نے 86.70 فیصد نمبر کے ساتھ پہلی، سائرہ اقبال نے 86.35فیصد نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ رمیضہ نے 86.25 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ہومیو پیتھک کالج کے آڈیٹوریم میں تقریب کے موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں میں کیش ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے جن میں پہلی پوزیشن کو 50 ہزار، دوسری پوزیشن کو 30ہزار اور تیسری پوزیشن کو 20ہزار کے چیک دیے گئے۔بورڈ کی جانب سے باقاعدہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سابق وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی کمیشن کے پہلے چیئرمین ڈاکٹر عطا الرحمن تھے جبکہ چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے تقریب کی صدارت کی۔ پوزیشن حاصل کرنے والوں میں 2طلبہ اور 7 طالبات شامل ہیں، جنرل گروپ میں 23127 امیدوار رجسٹر ڈ ہوئے جن میں سے 23060 امتحانات میں شامل ہوئے، شامل ہونے والوں میں 9346 طلبہ اور 13714 طالبات شامل ہیں، کامیاب ہونے والوں کی تعداد 14055 ہے جن میں 5163 طلبہ اور 8619 طالبات شامل ہیں، کامیابی کا تناسب 60.95رہا، کامیاب امیدواروں میں سے 229 (0.99فیصد) نے اے ون گریڈ، 1436 (6.23فیصد)نے اے گریڈ، 3609(15.65فیصد)نےBگریڈ، 5234(22.70فیصد)نےCگریڈ، 3061(13.27فیصد)نے D گریڈ اور 213(0.92فیصد) نے Eگریڈ حاصل کیا، جنرل گروپ سے تینوں پوزیشن طالبات نے حاصل کیں۔ سائنس گروپ میں رجسٹرڈامیدواروں کی تعداد 155469 رہی جن میں سے 154499امیدوار امتحان میں شریک ہوئے اور 112369امیدوار کامیاب ہوئے، امتحانات میں کامیابی کا تناسب 72.73 فیصد رہا، رجسٹرڈ امیدواروں میں 85243 طلبہ اور 70226طالبات شامل ہیں، پوزیشن لینے والے طالب علموں میں 2طلبا اور ایک طالبہ شامل ہے، کامیاب ہونے والوں میں 18800 (12.17فیصد) طالب علموں نے اے ون گریڈ ، 29118 (18.85فیصد) نے اے گریڈ، 30672 (19.85فیصد)نےBگریڈ، 23786(15.40فیصد) نے Cگریڈ، 9241 (5.98فیصد) نے Dگریڈ اور 321(0.21 فیصد) نے Eگریڈ حاصل کیا۔اسی طرح قوت سماعت و گویائی سے محروم خصوصی امیدواروں نے مذکورہ امتحان میں 94 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کر کے 93 نے کامیابی حاصل کی ،89 نے فرسٹ ڈویژن جبکہ 4نے سیکنڈ ڈویژن حاصل کی، نتائج میں کامیابی کا تناسب 98.93فیصد رہا۔