اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سینیٹ کے 45 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سینیٹ پاکستان کی پارلیمنٹ کا لازمی اور ناگزیر حصہ ہے اور وفاقی اکائیوں کے حقوق کے مؤثر تحفظ کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے قانون سازی میں اس کا کردار قابل ستائش ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں پاکستان بھر کے عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک وفاقی ریاست ہونے کے ناطے اس وقت زیادہ ترقی کرے گا جب اس کی اکائیوں وفاقی سطح پر نمائندگی میں بہتری آئے گی۔شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوام کو بنیادی حقوق دلانے کے حوالے سے ایوان بالا کا کردار انتہائی اہم ہے اور سینیٹ نے آئین کی بالا دستی اور جمہوری عمل کے تسلسل میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ جمہوریت کے استحکام کے لیے ایوان بالا میں تمام سیاسی پارٹیوں کو مل کر جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہے۔