پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی‘ 400سے زائد پوائنٹس کی کمی

308
پاکستان اسٹاک

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روزمندی کاشکار ہو گئی 400سے زائد پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 100انڈیکس 46800پوائنٹس سے کم ہو کر 46400پوائنٹس پر آگیا ،مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں75ارب سے زائد روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 98کھرب روپے سے گھٹ کر96کھرب روپے کی سطح پر آگیا ۔پاکستان اسٹا ک مارکیٹ میں پیر کے روزکاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 46929پوائنٹس پر جا پہنچا بعد ازاں منافع خوری کی خاطر فروخت کے دباؤ کے سبب انڈیکس منفی زون میں چلا گیا اور 100انڈیکس 46800، 46700، 46600اور46500پوائنٹس کی4بالائی حد سے نیچے گر گیااور46400پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا ۔پیر کو کاروبار کے اختتام کے ایس ای100انڈیکس میں411.71پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے کے ایس ای100انڈیکس46877.37پوائنٹس سے کم ہو کر 46465.66پوائنٹس پر آگیا اسی طرح 248.39پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 24123.92پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 33038.76پوائنٹس سے گھٹ کر 32783.16پوائنٹس ہو گیا ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 75ارب68کروڑ79لاکھ 14 ہزار 747روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 97کھرب 6ارب 92کروڑ 28لاکھ 20ہزار 335روپے سے کم ہو کر 96 کھرب31ارب 23کروڑ49لاکھ 5ہزار 588 روپے رہ گیا ۔مارکیٹ میں 10ارب روپے مالیت کے 24کروڑ 10لاکھ 27ہزار حصص کے سودے ہوئے۔
جبکہ گذشتہ جمعہ کو 13ارب روپے مالیت کا 34کروڑ 62لاکھ 36ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز مجموعی طور پر 394کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 100کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،281میں کمی اور 13کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے بینک آف پنجاب 1کروڑ70لاکھ ،کے الیکٹرک لمیٹڈ 1کروڑ48لاکھ ، سمٹ بینک 1کروڑ48لاکھ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ1کروڑ39لاکھ اوربائیکو پیٹرولیم 1کروڑ22لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں 97.92روپے اور سفائر ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں84.92روپے کا اضافہ جبکہ ویتھ پاک لمیٹڈ کے بھاؤ میں84.77روپے اور باٹا پاک کے بھاؤ میں50روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔