کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت پاکستان کے سابق صدر اور تاجررہنما ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ دنیا بھرپاکستان کے مثبت امیج کو ابھارنے اور مارکیٹنگ کی جدت کو نئے اندازسے اپنانے کے لیے پاکستان کمرشل اتاشی اہم کرداراداکرسکتے ہیں کیونکہ پاکستانی قونصل جنرل دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں یہ بات انہوں نے قونصل جنرل ٹورنٹو عمران احمد صدیقی کی جانب سے مسلم فیسٹ میں قونصلیٹ کی جانب سے کراچی ٹوخیبر اورپاکستانی مصنوعات کی تشہیرکے لیے کیے جانے والے اقدامات کے موقع پرکہی اس موقع پر یونائیٹڈبزنس گروپ کینیڈا چیپٹر کے چیئرمین سید نویدبخاری،یوبی جی سندھ کے چیف کوارڈینٹر نوراحمدخان،جاوید مغل سمیت دیگر بھی مو جودتھے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ اگر دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمرشل اتاشی اور قونصلیٹ پاکستانی مصنوعات کے لیے مارکیٹنگ انداز کو اپنالے تو پاکستانی برآمدات میں اضافے کو ممکن بنایا جاسکتا ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ رونما ہوگا اور پاکستان مضبوط ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک اور پاکستانی زرعی سیکٹر سے بھرپوراستفادہ حاصل کیاجاسکتا ہے ۔اس موقع پر قونصل جنرل ٹورنٹو عمران احمد صدیقی نے کہا کہ پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور آگاہی فراہم کرنے کے لیے بھرپوراقدامات کیے جارہے ہیں جس کی بدولت پاکستان اور کینیڈا کے مابین مرچنٹ ڈائز مصنوعات کی لین دین میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔انہوں نے پاکستانی برآمدکنندگان اپنی مصنوعات میں جدت پیدا کرتے ہوئے ویلیو ایڈیشن کی جانب توجہ مرکوز کریں۔
کیونکہ دنیا بھر میں اب ویلیو ایڈیشن کی جانب توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات دنیا بھر کی مصنوعات سے کسی بھی طرح مقابلہ کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے صرف پاکستانی مصنوعات کی بہتر انداز میں تشہیر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم فیسٹ میں کراچی سے خیبر تک کی آگاہی فراہم کرنے کے لیے بھرپوراقدامات کیے گئے جس سے مثبت نتائج برآمدہوں گے۔