رحیم یارخان(نمائندہ جسارت)رحیم یارخان میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے پر زیرِ آب آنے والی بستیوں میں ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالستار بابر نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے ہمراہ سیلابی علاقے چاچڑاں شریف کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کی جاری سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے میڈیا کوتفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ جاری کیے گئے فلڈ ریسکیو آپریشن میں اب تک 30ریسکیورز نے 5کشتیوں پر 45 لوگوں کو ریسکیو کیا جن میں سے 10لوگوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالستار بابر ، ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل رحمن،ریسکیو وسیفٹی آفیسر عدیل غفار نے ریسکیو 1122اور دیگر اداروں کی طرف سے قائم کیے گئے ریلیف کیمپوں ،خیموں کی بستی، میڈیکل کیمپ،رجسٹریشن ڈیسک،معلوماتی ڈیسک اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا جبکہ ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریسکیورز ،سول ڈیفنس ،پنجاب پولیس ، ریسکیورضاکاروں کو بہترین آپریشن کے لیے بروئے کار لائیں اور ان کو ذمے داریاں سونپیں اور ریسکیورز کواسی تندہی سے ریسکیو آپریشن جاری رکھنے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بحفاظت محفوظ جگہوں پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ زخمی افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے، زیادہ زخمی افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنے کے پورے انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیلابی علاقے کے تین مخصوص مقامات پر ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں ریسکیو کیے گئے تمام افراد کیلیے رہائشی،کھانے پینے،قیام کرنے کے انتظامات ہیں ۔ مقامی ریسکیو وارڈنز کی مدد سے گہرے پانیوں میں ریسکیو آپریشن کیے گئے اور گھرے افراد کو فوری محفوظ و متعین کردہ جگہوں پر منتقل کیا گیا۔ڈاکٹر عبدالستار بابر نے ریسکیو رز کی طرف سے متاثرہ لوگوں کو فوری ریلیف دینے،طبی امداد پہنچانے،رہنمائی کرنے،کھانے کی تقسیم،ان کی دلجوئی اور حوصلہ بڑھانے کو سراہا اور ریسکیورزکے لیے فلاحی انتظامات میں متاثرہ علاقوں تک رسائی،فلڈ فائٹنگ آلات کی مکمل فراہمی،افسران بالا اور کنٹرول روم سے مسلسل رابطے،ریسکیورز کو کھانے اور پینے کے سامان کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہے۔انہوں نے ریسکیورز کا حوصلہ بڑھایااور اسی جذبے سے ریسکیو آپریشن کو جاری رکھنے کی ہدایات دیں۔