کراچی میں امن کی بحالی میں کھیلوں کا نمایاں کردار ہے‘ بریگیڈیئر نادر

343

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ رینجرز،ر ورلڈ گروپ اور لیثرلیگس کے اشتراک سے لیاری یوتھ اسپورٹس فیسٹول 2017میں فٹبال، کرکٹ اور سائیکلنگ ایونٹ کے ساتھ دیگر ایونٹ کو جشن آزادی سے منسلک کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں جشن آزادی ہیوی بائک ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ دو دریا کلفٹن سے شروع ہونے والی ریلی کا اختتام نشان پاکستان (سی ویو ) پر ہواجس میں ہیوی بائک رائیڈر کے علاوہ شائقین کی ایک بہت بڑی تعدا د بھی موجود تھی۔ دوران ریلی شرکاء بھرپورانداز میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف اور پُرجوش نعرے لگا کر لہو گرماتے رہے۔ سی ویو پر ریلی کے اختتام پر مہمان خصوصی بریگیڈئر نادر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ روشنی کے شہر کراچی میں امن و امان کی بحالی میں کھیلوں کے انعقاد نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد سے نہ صرف نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے میں مدد ملی ہے بلکہ شائقین کی بھرپور شرکت نے بھی بحالی امن کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ورلڈ گروپ اور لیثر لیگس نے سندھ رینجرز کے ساتھ مل کر کراچی اور بالخصوص لیاری میں امن و امان کی بحالی میں جو کردار ادا کیا ہے اسے سندھ رینجرز اسے مکمل طور پر سراہتی ہے اور کراچی کی عوام بھی اس نیک مقصد میں انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ان سے توقع کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی ورلڈ گروپ اور لیثر لیگس کا تعاون بھی ہمیں حاصل رہے گا۔مہمان خصوصی نے کراچی کے عوام سے بھی اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کا تعاون ہمیں حاصل نہ ہوتا تو امن و امان کی بحالی کا ٹاسک اپنے منطقی انجام کو نہیں پہنچ سکتا تھا۔کراچی کے عوام نے جس جرات مندانہ انداز میں اپنا کردار ادا کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے اور سندھ ررینجرز اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انشاء اﷲآئندہ بھی عوام کی حمایت سے سندھ رینجرز امن وامان کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔اس موقع پر سیکٹر کمانڈر،ایس آر قمر، لیثر لیگس کے زیب خان، محمد آصف ،ریاض احمد،صاحبزادہ عباس ، معززین شہر و کھیلوں کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔