پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی، کار سے 195کلوگرام چرس برآمد

345

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پر گوادر کے علاقے میں نیلیٹ چیک پوسٹ کے قریب سے ایک مشکوک کار کے خفیہ خانوں سے 195کلوگرام چرس برآمد کرلی ہے ۔برآمد ہونے والی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 23کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ گوادر (بلوچستان ) کے قریب تربت روڈ سے منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے ۔جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈئر عتیق الرحمن نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ نیلیٹ چیک پوسٹ کے قریب ایک مشکوک کار کو دیکھا گیا جو تربت سے گوادر کی طرف جا رہی تھی۔ کار کو چیک کرنے کے لیے گشت پارٹی نے اُس کا تعاقب شروع کیا ۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے جوانوں کواپنے پیچھے آتا دیکھ کر اسمگلرز اندھیرے اور دُشوارگزار علاقے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے کار کو کچے کے علاقے میں چھوڑکرقریبی ٹیکریوں کی طرف فرار ہو گئے ۔ پاکستان کوسٹ گارڈز نے تفصیلی چیکنگ کے دوران کار کے خُفیہ خانوں میں چھپا ئی گئی 195 کلو گرام اعلیٰ قسم کی چرس برآمدکر لی اور کار کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں تقریباً23 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزبریگیڈئر عتیق الرحمن نے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔