ن لیگ عوام کو سڑکوں پر لانا چاہتی ہے، ثروت اعجاز قادری

249

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سڑکوں پر عوام کو لاکر ن لیگ نظریہ ضرورت کو زندہ کرنا چاہتی ہے ،کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہورہی ہے اتحاد سے ناکام بنانا ہوگا ،رینجرز وپولیس کی امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کی کاوشوں پر کسی کوپانی نہیں پھیرنے دیں گے ،تاجر ،سول سوسائٹی کو آگے بڑھ کرامن کے دشمنوں کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا ،امن وامان کے قیام ،دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان سنی تحریک مثبت کردار ادا کرتی رہے گی ۔ حکومتی منفی اقدامات کے خلاف آج کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر سیکٹر کنوینرکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملکی سیاست بد اخلاقی کا شکار ہو چکی ہے،قوم بدزبانی اور بداخلاقی کی سیاست سے بیزار ہے، الزام اور انتقام کا کھیل بند ہونا چاہیے، سیاست دان محاذ آرائی چھوڑ کر ملکی سلامتی اور عوامی مسائل کے حل کیلیے کام کریں،پاکستان عالمی سازشوں کی زد میں ہے، قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے، ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور اداروں کے درمیان ٹکراؤ کی صورتحال پیدا نہ کی جائے۔انہوں نے کہا
کہ نوازشریف مظلوم بننے اور عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے نوزائیدہ حکومت کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں، قیام پاکستان کے مقاصدکو اُجاگرکرنااوروفائے پاکستان کے جذبے کو فروغ دیناوقت کی اہم ترین ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ حکومتی منفی اقدامات کے خلاف آج کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔