تجاوزات اور لینڈ مافیا کی حوصلہ شکنی کی جائے‘ میئر کراچی

179

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اخترنے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے اور مختلف جگہوں پر آپریشن کیا جا رہا ہے ، حسن اسکوائر سے ماڑی پور تک سگنل فری شاہراہ کے دونوں جانب سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے اسے ماڈل شاہراہ بنایا جائے گا، اس شاہراہ پراور اطراف میں کسی بھی قسم کی تجاوزات قائم نہیں ہونے دیں گے، یہ بات انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں لی مارکیٹ، کھارادر، مچھی میانی مارکیٹ اور ٹاور کے علاقے میں انسداد تجاوزات کے آپریشن کے دوران اٹھائے گئے ٹھیلے، پتھارے، گنے کے جوس کی مشین اور دیگر سامان کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر لینڈ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات بلدیہ عظمیٰ کراچی نے لی مارکیٹ سے ٹاور تک ساڑھے تین کلو میٹر کے علاقے میں سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم ہر قسم کی تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے متعدد ٹھیلے، پتھارے، کیبن،گنے کے جوس کی مشین اور دیگر سامان ضبط کرلیا جس کے بعد سڑک پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگئی اور فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کے لیے کشادہ ہوگئی، آپریشن کے دوران علاقے کے دکانداروں کو تنبیہ کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے فٹ پاتھ یا سڑک پر سامان رکھنے سے گریز کریں، بصورت دیگر اسے فوراً اٹھالیا جائے گا اور نقصان کی تمام تر ذمے داری متعلقہ دکاندار پر عائد ہوگی، میئر کراچی وسیم اختر نے انسداد تجاوزات کے عملے کو ہدایت کی کہ شہر میں تجاوزات قائم کرنے والے افراد اور لینڈ مافیا کے کارندوں کی حوصلہ شکنی کی جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے کہاکہ تجاوزات کے باعث شہر کی سڑکیں تنگ اور فٹ پاتھیں پیدل چلنے والوں کے لیے بند ہوگئی ہیں اور شہریوں کو ان کی وجہ سے شدید دشواریوں کا سامنا ہے، لہٰذا کسی کو بھی سڑکیں، فٹ پاتھ یا دیگر عوامی مقامات کو گھیرنے یا ان پر قبضہ کرکے کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ خاص طور پر اولڈ سٹی ایریا میں جہاں پہلے ہی ٹریفک کا گزرنا محال ہوگیا ہے اور تجاوزات کے باعث گھنٹوں ٹریفک جام رہنے کی شکایت عام ہے ایسی صورتحال کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جہاں بھی تجاوزات قائم کی گئیں، انہیں فوری آپریشن کرکے ختم کردیا جائے گا۔