اسلام آباد (آن لائن) ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی نئی لہر دوڑ گئی، شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی بندش کی وجہ سے معمولات زندگی تباہ ہوکر رہ گئے ہیں۔ ملک بھر میں حالیہ شدید گرمی کے باعث لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ شہری علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ اس وقت ملک میں بجلی کی کھپت 23850 جبکہ پیداوار 18300 میگاواٹ جبکہ بجلی کا شاٹ فال 5550 میگاواٹ ہے جس کے مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب گرمی اور حبس کی وجہ سے بیشتر فیڈرز میں ٹرانسفارمرز کا جلنا معمول بن گیا ہے اور واپڈا حکام کئی دن گزرنے کے باوجود بھی بجلی بحال کرنے نہیں آتے عوام اپنی مدد آپ کے تحت ٹرانسفارمر ٹھیک کرواتے ہیں ۔وزارت پانی و بجلی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتوں میں ردوبدل کے ساتھ ہی معاملات متاثر ہوگئے ہیں۔ جنہیں ٹھیک کرنے کے لیے کچھ دن لگ سکتے ہیں ،بجلی بنانے والی کمپنیوں کو بھی واجبات کی ادائیگی کا طریقہ کار بنایاجارہا ہے تاکہ واجبات کا مسئلہ سر نہ اٹھائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کے بلوں کی ریکوری قدرے بہتر ہوئی ہے سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے تھوڑا وقت لگے گا، دسمبر 2017 ء میں لوڈ شیڈنگ میں کافی بہتری آجائے گی۔