عدالت عظمیٰ کا فیصلہ نہ ماننے پرنوازشریف کیخلاف آرٹیکل 6لگنا چاہیے‘ عمران خان

366

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ نہ ماننے پر نوازشریف کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے‘ یہ کچھ بھی کرلیں این آر اوملے گا نہ ہی مقدمات واپس ہوں گے‘ کرپشن کرکے مظلوم بننے کے لیے جی ٹی روڈپر نکل رہے ہیں‘ فوج کے خلاف مودی کی زبان استعمال کی جارہی ہے، عوام میر شکیل الرحمان کے جیو چینل کا بائیکاٹ کریں‘ 14اگست سے ضلعی سطح پر تنظیم سازی کریں گے۔ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیوکمیٹی کے اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس کی جدوجہد میں ایک سال لگا‘ہماری پارٹی نے ایک مافیا کے خلاف جنگ میں بڑی جدوجہد کی ‘ اب یہ لوگ سڑکوں پر نکل کر یہ دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہم پر بڑا ظلم ہوا ہے‘ چوری کرنا جائز ہے‘ عوام کے ٹیکس کے پیسوں پر لوگوں کو شو دکھایا جا رہا ہے ‘جمہوریت میں قانون کی بالادستی ہوتی ہے‘ قانون سب کے لیے برابر ہوتا ہے‘ جب ہم اپنے حق کے لیے سڑکوں پر نکلے تو کہا گیا جمہوریت کو ڈی ریل کیا جا رہا ہے اب جو کچھ یہ کر رہے ہیں کیا یہ جائز ہے؟ ‘ اپنی چوری چھپانے کے لیے اداروں کو بُرا بھلا کہا جا رہا ہے‘ یہ سمجھتے ہیں کہ دباؤ ڈال کر نیب سے بچ جائیں گے ایسا نہیں ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم الیکشن کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں‘14اگست سے ہماری پارٹی تمام ضلعوں میں تنظیم سازی کرے گی‘ 13اگست کی شام کو پی ٹی آئی شیخ رشید کے ساتھ مل کر راولپنڈی میں بہت بڑا جلسہ کرے گی اور پاکستان ڈے منائیں گے ‘ موجودہ الیکشن کمیشن پر ہمیں اعتماد نہیں ہے ‘ طاہر القادری کی پارٹی کے ساتھ ماڈل ٹاؤن میں جو کچھ ہوا دنیا کی کسی بھی جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا‘ ہم اس واقعے پر طاہر القادری کی حمایت کریں گے ‘ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جسٹس نجفی کی رپورٹ کوشائع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے کنٹینر پر کھڑے ہوئے مگر یہ اپنی عدالت کے خلاف نکل آئے ہیں‘ مرکز اور پنجاب دونوں میں حکومتیں ہونے کے باوجود یہ کنٹینر پر چڑھ کر بلیک میلنگ کررہے ہیں‘ جتنے لوگ یہ جی ٹی روڈ پر نکالیں گے‘ اس سے کہیں زیادہ ہم نکال کر دکھائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے اداروں کو تباہ کررہے ہیں‘نواز شریف نیب سے ڈرے ہوئے ہیں‘ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نیب حدیبیہ پیپر ملز کیس پر فوری اپیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ میرشکیل الرحمان کے چینل کا عوام کو بائیکاٹ کرنا چاہیے‘ کیا میڈیا ہاؤس کا یہی کام ہے کہ جو بھی انہیں پیسہ دے اس کے ایجنڈے کو فروغ دینا شروع کردے۔