سری نگر (کے پی آئی) بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ میں مزید 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ۔بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے مژھل سیکٹر میں ان نوجوانوں کو فوجی آپریشن کے دوران شہید کیا ۔ادھر شوپیاں میں اشتیاق احمد وگے نامی نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش ملی ہے ،خیال ہے کہ فوج نے اسے دوران حراست قتل کرکے لاش پھینک دی ہے ۔سانبورہ پانپور میں گزشتہ روز شہید ہونے والے مجاہد ایوب للہاری کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ادھرپنگلنہ پلوامہ میں گھر گھر آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اٹھا ، لوگ باہرنکل آئے اور اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے زبردست احتجاج کیا، مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز نے اشک آور گیس کے گولے داغے ۔ ادھر پہلگام میں بھارتی فوجی اہلکاروں نے ایک اسکول پر حملہ کر دیا ،طلبا اور اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بھارت کا قومی ترانہ گانے پر مجبور کیا ہے۔ اعجاز احمد نامی ایک استاد نے بتایاکہ اسکول کے انچارج غلام نبی میر کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایک اور استاد نے بتایا کہ فوج نے بچوں کو جنا گنا منا اور وندے ماترم گانے پر مجبور کیا۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر کے آزادی پسند قائدین سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کشمیری نوجوانوں کی شہادت اور اسکول پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے12 اگست ہفتہکو ہڑتال کی کال دے دی ہے ،قائدین نے کہاکہ ایک عرصے سے نہتے کشمیری جوانوں کے لہو کی ہولی کھیلی جارہی ہے،ہر روز ہمارے جوان کٹ رہے ہیں اور بھارتی فوجی انسانیت کے بنیادی جذبے سے عاری ہوکر شہیدوں کی لاشوں کی بے حرمتی کرتے اور سیلفیاں لیتے نظر آرہے ہیں۔ حریت قائدین نے جموں کشمیر میں نافذ اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کی منسوخی کے بھارتی منصوبے کے خلاف 12 اگست کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔مزید برآں کشمیری خواتین کی تنظیم دختران ملت نے نوجوانوں کی شہادت اور پہلگام میں طلبہ اور اساتذہ پر بھارتی افواج کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر یوں نے کبھی بھارت کواپنا ملک قبول نہیں کیا ،ہم نے کلمہ کی بنیاد پر تخلیق ہونے والے پاکستان کو اپنا ملک مانا ہے۔ 15 اگست کی تقریبات تمام تقریبات کا بائیکاٹ کیا جائے۔