بیس برس میں کراچی چیمبر کے انتخابات میں ایک سیٹ بھی نہیں ہاری‘ سراج تیلی

241

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کی منیجنگ کمیٹی کے انتخابات برائے سال2017-18ء کے لیے بزنس مین گروپ ( بی ایم جی ) کے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ، الیکشن کمیشن کو مجموعی طور پر31اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی موصول ہوئے جن میں سے 30اُمیدواروں کا تعلق بزنس مین گروپ سے ہے اور صرف ایک کاغذات نامزدگی مخالف اُمیدوارنے جمع کروایا جس نے بعد میں اپنے پروپوزر کے ذریعے انہیں واپس لے لیا۔ الیکشن کمیشن نے بقیہ 30 اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جن میں سے11 اُمیدواروں کے کا غذات نامزدگی کو مسترد کردیا گیا جبکہ مزید 4 اُمیدواروں نے بھی اپنے کاغذات واپس لے لیے، جس کے نتیجے میں باقی رہ جانے والے 15 اُمیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب ہوا۔ لہذا بی ایم جی کے تمام15 امیدوار کراچی چیمبر آف کامر س کے انتخابات برائے سال 2017-18ء میں کامیاب قرار پائے۔ بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے رب تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کراچی کی تاجرو صنعتکار برادری کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بی ایم جی پر ہمیشہ بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔سراج قاسم تیلی نے بی ایم جی اینز کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ بی ایم جی نے اپنی عوامی خدمت پالیسی کی وجہ سے پچھلے20سالوں میں کراچی چیمبر کے انتخابات میں ایک سیٹ بھی نہیں ہاری اور مسلسل11ویں باربی ایم جی کے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ سراج قاسم تیلی نے کہاکہ20ویں سال مسلسل کامیابی بی ایم جی کی عوامی خدمت کا ثمر ہے اور یہ واضح کرتا ہے کہ تاجروصنعتکاروں کی اکثریت بی ایم جی کی پالیسیوں سے اتفاق کرتی ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں اور انہیں اس بات پر مکمل یقین ہے کہ بزنس مین گروپ ہی ان کی بہتر خدمت کرسکتا ہے۔چیئرمین بی ایم جی نے اس امید کا اظہار کیا کہ بی ایم جی کے نومنتخب نمائندے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تاجر وصنعتکار برادری کی بھرپور خدمت کریں گے اور بی ایم جی کے پبلک سروس کے مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔بی ایم جی کے کامیاب امیدواروں میں عبدالباسط ،حاجی عبدالرزاق، مفسر عطا ملک، خرم شہزاد، محمد ریاض ڈھیڈی، آصف شیخ جاوید، تنویر احمد باری، محمد حسین، جہانگیر شاہد، شمیم احمد، خرم ریاض،طارق انیس، محمد ھلال شیخ، محمد اسماعیل، عدیل ناصر اور محمد جنید تیلی شامل ہیں۔ جیسا کہ منیجنگ کمیٹی کے تمام ارکان بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں لہذا 16ستمبر 2017 ء کو منیجنگ کمیٹی انتخابات نہیں ہوں گے جبکہ کراچی چیمبر کے عہدیدران برائے سال 2017-18 ء کے لیے انتخابات ہفتہ23ستمبر2017کو منعقد ہوں گے۔