نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب

288
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین نجم سیٹھی گورننگ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں 

لاہور(جسارت نیوز ) پی سی بی کے سابق چیئرمین شہریار خان کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آئندہ 3 سال کیلئے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے،اس طرح ان کے دوبارہ چیئرمین بننے کی خواہش ایک مرتبہ پھر پورا ہوگئی، نئے گورننگ بورڈ میں 4 ڈیپارٹمنٹس یونائیٹڈ بینک، حبیب بینک، واپڈا اور سوئی سدرن گیس کمپنی جبکہ ریجنز میں لاہور، سیالکوٹ، کوئٹہ اور ایڈہاک کا شکار فاٹا شامل ہیں، پی سی بی کے نئے سربراہ کی سلیکشن کیلئے نئے گورننگ بورڈ کے چند ارکان کی گزشتہ روز ہی لاہور آمد ہوگئی تھی جبکہ دیگر ارکان گزشتہ روز اجلاس کیلئے پہنچے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران پی سی بی چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا گیا،پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز میں شامل 9 ممبران تھے جن کے ووٹ کے بعد چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کیا جانا تھا تاہم نجم سیٹھی کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں تھا،اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں نجم سیٹھی ،عار ف عزیز ،لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین ( واپڈا )،نعمان کے ڈار ( ایچ بی ایل ) ،متھا اسماعیل( سوئی سدرن گیس کمپنی) ،منصور مسعود خان ( یو نائیٹڈ بنک ) ،مراد اسماعیل ( صدر آر سی اے کوئٹہ ) ،نعمان بٹ ( صدر آر سی اے کوئٹہ )،خواجہ ندیم احمد ( صدر ایل سی سی اے لاہور ،امجد علی خان ،سیکرٹری آئی پی سی شامل تھے، دوسری جانب پی سی بی حکام کے مطابق نجم سیٹھی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے طور پر ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں اور انہوں نے گورننگ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی،اس موقع پر نجم سیٹھی نے گورننگ بورڈ کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر پورا اتروں گا، پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنا ہے ،نجم سیٹھی پہلے بھی چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر خدمات انجام دے چکے ہیں،پی سی بی کے سابق چیئرمین خالد محمود نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انعقاد اور بورڈ کے دیگر انتظامی امور کو احسن طریقے سے چلانے پر نجم سیٹھی کی تعریف کی،ان کا کہنا تھا کہ جب پہلی مرتبہ 2013 میں نجم سیٹھی سے میری ملاقات ہوئی تو اْس وقت میں ان سے کچھ زیادہ متاثر نہیں ہوا تاہم وقت کے ساتھ ساتھ ان کے لیے میری رائے تبدیل ہوئی‘ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نجم سیٹھی نے اپنے آپ کو ایک بہترین منتظم کے طور پر منوایا ہے جس کی سب سے بڑی مثال 2 مرتبہ پی ایس ایل کا انعقاد ہے،پی سی بی کے سابق چیئرمین نے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستان میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا۔اور آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کا نیا ٹیلنٹ سامنے آیا،پی سی بی کے ایک اور سابق چیئرمین جنرل توقیر ضیاء نے بھی خالد محمود کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے نجم سیٹھی کو بورڈ کی سربراہی کیلئے بہترین قرار دیا۔پی سی بی کے بلامقابلہ منتخب ہونے والے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہاہے کہ گورننگ بورڈ نے مجھے پی سی بی کا چیئرمین منتخب کرکے جو اعتماد دیا ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا اور پاکستانی کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ بہتری لانے اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی بھرپور کوشش کروں گا ۔بھارت کی طرف سے پاکستان سے سیریز کھیلنے کے معاہدہ کی خلاف ورزی کو آئی سی سی کی تنازعاتی کمیٹی میں طے کروائیں گے ۔قذافی ا سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں بورڈ آف گورنرز کا بلا مقابلہ منتخب کرنے پر مشکور ہوں اور پی سی بی کے سابق چیئرمین شہریار خان کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں ۔شہر یار خان سے میرا کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں رہا اور ہم نے پی سی بی میں مل کر کام کیا ہے۔میرے اور شہر یار کے مابین دراڑوں کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔پی سی بی میں ہر فیصلہ میرٹ پر شفا ف طریقہ سے ہوگا اور کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہیں دیں گے ۔ ۔انہوں نے کہاکہ ان کے بطور چیئرمین پی سی بی 2 اہم 2 ٹارگٹ ہیں ۔سب سے پہلے ملکی ڈومیسٹک کرکٹ کو اتنا بہتر کروں کہ ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملتا رہے۔ینگ ٹیلنٹ کو پروموٹ کیا جائے گا اور نئے چہرے سامنے آئیں گے۔ اسکول ،کالج کرکٹ اور اکیڈمی پر کام ہوگا جبکہ دوسرا ٹارگٹ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہے جس کیلئے کام جاری ہے ۔میں ورلڈ الیون کے میچز ہوں گے جس میں کئی انٹرنیشنل کھلاڑی شامل ہیں جبکہ اس کے بعد ہماری کوشش ہوگی کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے اور پھر پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کے بعد ٹیسٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کو بھی مدعو کریں گے ۔جائلز کلارک، اینڈی فلاور اور ڈیوڈ ریچرڈسن سے ورلڈ الیون کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ستمبر میں ورلڈ الیون کے میچز کا پروگرام ہے اور اس سلسلہ میں پنجاب کے وزیر اعلی سے بھی دو ملاقاتیں ہوچکی ہیں ۔ستمبر میں ضمنی الیکشن کی وجہ سے ورلڈ الیون کی ایک میچ کے شیڈول میں تبدیلی کریں گے۔انٹرنیشنل الیون میں بارہ تیرہ موجودہ کرکٹر ز شامل ہیں ۔اینڈی فلاور نے کھلاڑیوں کے نام لینے سے روکا ہے پہلے سیکیورٹی کا کانٹریکٹ سائن کرنا ہے ۔ کھلاڑیوں کے ساتھ کانٹریکٹ کریں گے دورے کے حوالے سے اگلے سات روز میں فیصلہ ہو جائے گا۔ انٹر نیشنل کرکٹ کو واپس لانا سب سے بڑا چیلنج ہو گا میں جمعرات کی رات سری لنکا جارہا ہوں جہاں سری لنکن ٹیم کے پاکستان آنے اور انڈر 19 کے حوالے سے بات ہوگی، انہوں نے کہا کہ میں ویمن کرکٹر کی پرفارمنس سے کافی مایوس ہوں اور اس میں بہتری کے لئے جلد ہی نیا لائحہ عمل طے کیا جائے گا،۔ویمن کرکٹ کے بارے میں کچھ پلان ہیں ان پر کام.کر کے خواتین کرکٹ کو.بحال کیا.جائے گا : آئین کے اندر نہیں لکھا کہ بورڈ آف گورننس میں کرکٹر ہوتاہم ہم اس میں کرکٹرز بھی لے کر آئیں گے ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ کھیل میں اتار چڑھا ؤ آتے رہتے ہیں مشکل وقت میں بھی کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا چاہیے،کیونکہ تنقید سے کھلاڑی مایوسی کا شکار ہوجاتے ہیں اور ان کی پرفارمنس پر فرق پڑتا ہے ۔چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد ضروری نہیں کہ ٹیم ہر ٹورنامنٹ جیتے ہمیں اپنی ٹیم کی ہمت افزائی کرنی چاہئے مجھے امید ہے پی ایس ایل سے مزید نوجوان کرکٹر آئیں گےْ لوگ مایوس ہیں میں انھیں کہتاہوں صبر کریں اگلے دو تین ماہ میں اچھی خبریں آئیں گیں انفراسٹکچر پر بھی خاص توجہ دی جائے گیْ پرانے بورڈ آف گورنرز کی تمام کمیٹیاں ختم ہو گئی ہیں اور نیا گورننگ بورڈ نئی کمیٹیاں بنائے گا ۔اب پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ کمیٹی سابق چیئرمین شہر یا ر پر ذمہ داریوں کا بوجھ ختم کرنے کے لئے بنادی گئی تھی اور اس کا چیئرمین میں خود تھا ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کے کنٹریکٹ میں توسیع کی جارہی ہے لیکن شین گیگز کا کانٹریکٹ ختم کر دیا گیا ہے ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی کا پیٹرن چاہئے وزیر اعظم ہو یا صدر ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہمارا کام پرفارمنس دینا ہے ۔عمران خان کے بارے میں کئے گئے ایک سوال کے بارے میں انہوں نے کہاکہ میں کرکٹ میں سیاست کے حق میں نہیں ہوں ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ان کے چیئرمین بننے کے بارے میں کوئی عدالتی رکاوٹ نہیں ہے بلکہ عدالتوں میں ان کے خلاف کی گئی رٹ بھی خارج ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سپاٹ فکسنگ کیس میں کھلاڑیوں کو اپنے دفاع کرنے کا بھرپور موقع دیاجارہا ہے تاکہ جب ان کے خلاف فیصلہ ہو تو کوئی قانونی سقم باقی نہ رہ جائے ۔پی سی بی میں پروفیشنل ازم کو پرموٹ کیا جائے گا ۔مصباح الحق ،یونس خان اور دیگر کرکٹرز کے اعزاز میں تقریب منعقد کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے پاکستان سے باہمی سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا جس کی اس نے خلاف ورزی کی ہے اور اس خلاف ورزی کو ہم آئی سی سی کی تنازعاتی کمیٹی میں طے کروائیں گے اور اس پر کام جاری ہے ۔نجم سیٹھی نے کہاکہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں پی سی بی کی آمدن میں مزید اضافہ ہوگا ۔