جذبہ انسانیت سے سرشارلوگ معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں،گورنر

170
گورنر سندھ محمد زبیر سے عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین چودھری نثار احمد کی سربراہی میں وفد ملاقات کر رہا ہے

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اسلام خدمت انسانیت کا واضح درس دیتا ہے ، فلاحی معاشرے میں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات میں فلاحی اداروں کا کلیدی کردار ہے ،اس ضمن میں عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ اہم خدمات انجام دینے والا سرفہرست فلاحی ادارہ بن گیا ہے ۔جذبہ انسانیت سے سرشار لوگ معاشرہ کا قیمتی اثاثہ ہو تے ہیں ، حکومت فلاحی اداروں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی تاکہ فلاحی ادارے اپنے کام کے دائرہ کو مزید وسعت دے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئر مین چودھری نثار احمد کی سربراہی میں آنے والے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔وفد میں وائس چیئرمین حاجی مسعود پاریکھ ،جنرل سیکرٹری شمیم احمد چاندنہ و دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں وفد نے گورنر سندھ کو ادارہ کی سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں ادارے سے متعلق فلاحی خدمات کا تفصیلی جائزہ شامل ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 22 برس قبل لگایا جانے والا پودا آج ایک تناور درخت کی صورت اختیار کرگیا ہے ، ادارے سے غریب و نادار افراد کی کفالت کا کام عزت نفس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بڑی خوبصورتی سے ہو رہا ہے ،شعبہ زندگی کے تعلق رکھنے والے 30 اہم ترین شعبوں باالخصوص تعلیم اور صحت عامہ میں ادارے کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ار ب 50 کروڑ روپے سالانہ بجٹ خرچ کرنے والے عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت دکھی انسانیت اور سفید پوش گھرانوں کی داد رسی ہوتی ہے جس سے انھیں اپنی زندگی اچھے انداز میں گزارنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت جدید تقاضوں سے ہم آہنگ صحت کی سہولیات ، طلبہ کو وظائف ، کورسز اور فیس کی فراہمی سے غریب بچوں کو اپنا مستقبل سنوارنے میں مدد مل رہی ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے، جذبہ انسانیت سے سرشار لوگ معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہو تے ہیں ، حکومت فلاحی اداروں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی تاکہ فلاحی ادارے اپنے کام کا دائرے کو مزید وسعت دے سکیں ۔