پانچ ڈاکووں کا بینک پر دھاوا‘ منٹوں میں 7لاکھ روپے لوٹ کر فرار

138
کھارادر: نجی بینک کے باہر ڈکیتی کے بعد سیکورٹی گارڈ الرٹ کھڑے ہوئے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کھارادر میں بینک ڈکیتی، مسلح ملزمان چند منٹوں میں 7لاکھ روپے سے زائد رقم اور گارڈ کا اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی،شہر میں پے در پے ہونے والی بینک ڈکیتی کی وارداتوں پروزیر داخلہ سندھ ، آئی جی سندھ ،ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ۔واضح رہے کہ دوروز قبل بھی بینک ڈکیتی کے دوران ملزمان نے منیجر کو قتل کردیا تھا۔تفصیلات کے مطابق کھارادر تھانے کی حدود بولٹن مارکیٹ میں واقع نجی بینک میں بدھ کی صبح 9 بج کر 59 منٹ پرموٹرسائیکل سوار 5مسلح ملزمان بینک آئے، ایک باہرکھڑرہااور4بینک میں داخل ہوئے اور بینک کے گارڈز سے اسلحہ چھین کر تمام عملے کو یرغمال بنایااور کیش کاؤنٹر پر موجود 7لاکھ ایک ہزارروپے اور موبائل فون سمیت دیگر سامان لوٹ کر چند منٹوں میں فرار ہو گئے، ملزمان گارڈز کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ۔ ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز ، کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ، فنگر پرنٹ ڈپارٹمنٹ ، اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ اور دیگر اداروں کے اہلکارجائے واردات پرپہنچ گئے اور شواہد جمع کرنے کے ساتھ بینک کے عملے کے بیانات لیے۔ ایس ایچ او ظفر اقبال کے مطابق ملزمان کی تعداد5 تھی چار ملزمان بینک میں داخل ہوئے اور ایک ملزم بینک کے باہر کھڑارہا،ملزمان اپنے ساتھ تھیلا بھی لائے تھے اورنہوں نے بینک میں داخل ہونے سے قبل ہیلمٹ اورماسک بھی پہنے،پولیس نے مزید بتایا کہ بینک میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج تحویل میں لے لی ہے ، پولیس نے بینک میں موجود دونوں سیکورٹی گارڈ ز کو بھی حراست میں لیکر پوچھ گچھشروع کردیہے ،بینک کے آپریشن منیجر داؤد احمد کی مدعیت میں مقدمہ نمبر353/17زیر دفعہ 395 درج کرلیاگیاہے۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ڈی آئی جی ساؤتھ سے جامع انکوائری پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے،انہوں نے ڈی آئی جی سی آئی اے کو جاری ہدایات میں کہا کہ کرائم سین سے دستیاب شہادتوں اورعینی شاہدین و بینک عملے کے بیانات کی روشنی میں تمام تر غیر معمولی اقدامات وحکمت عملی کے تحت واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔