چھیالیس گھوسٹ سٹی وارڈن ملازمت سے فارغ‘ 28کو شوکاز نوٹس

193
سانحہ 12مئی :میئر کراچی اسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عاید
سانحہ 12مئی :میئر کراچی اسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عاید

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ گھوسٹ ملازمین کو خواہ کہیں سے بھی تعلق رکھتے ہوں، مزید ادارے میں برداشت نہیں کیا جائے گا، محکمہ سٹی وارڈنز سے 46 گھوسٹ ملازمین کو برخاست کردیا ہے جبکہ 28ملازمین کو فائنل شوکاز نوٹس جاری کردیے، تسلی بخش جواب نہ ملنے پر انہیں بھی نوکری سے برخاست کردیا جائے گا، یہ بات انہوں نے گھوسٹ ملازمین کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کہی جس کے مطابق 46 ملازمین کے خلاف کارروائی سندھ لوکل کونسل سروینٹ ای اینڈ ڈی قواعد 1974ء کے قاعدہ 4 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے، میئر کراچی نے اس موقع پر تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ایسے تمام گھوسٹ ملازمین کی فہرستیں تیار کی جائیں جن کی تنخواہیں افسران کی جیبوں میں جا رہی ہیں۔ اگر محکمہ جاتی سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران ایسا کرنے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف بھی قواعد کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، دریں اثنا میئر کراچی کی ہدایت پر گھوسٹ ملازمین کی انکوائری کے لیے قائم کی گئی کمیٹی نے 46 گھوسٹ ملازمین کو فارغ کرنے کے بعد مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جس سے توقع ہے کہ کے ایم سی کے محکموں میں مزید ایسے ملازمین کا انکشاف ہوگا جو اپنی ڈیوٹی پر نہیں آتے جبکہ ان کی تنخواہیں باقاعدگی سے جاری ہو رہی ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ ہمیں محکموں کو ٹھیک کرنا ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب گھوسٹ ملازمین کا احتساب ہو اور محنتی اور فرض شناس افسران و دیگر اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اب وہی ملازمت پر برقرار رہے گا جو ذمے داری کے ساتھ اور دفتری اوقات کے مطابق اپنے فرائض ادا کرے گا، گھوسٹ ملازمین کی اب یہاں مزید کوئی گنجائش نہیں ہے۔