بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں جاری‘ مزید 4کشمیری شہید‘ درجنوں زخمی

360

سری نگر (خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں جس میں مزید4کشمیری شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے‘ ضلع پلوامہ میں سیکورٹی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کے دوران 3 نوجوانوں کو موت گھاٹ اتار دیا اورگھروں میں توڑ پھوڑ کی‘ شہادت کی خبر پر لوگوں نے احتجاج کیا تو فائرنگ کرکے مزید ایک شخص کو شہید کردیا‘ علاقے میں کشیدگی کے باعث کاروباری مراکز بند رہے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کو ضلع پلوامہ میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ترال میں گلاب باغ کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔نوجوانوں کی شہادت کی خبر پھیلتے ہی علاقوں کے لوگ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور زبردست بھارت مخالف مظاہرے شروع کر دیے۔ علاقے میں تعینات بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی اور پیلٹ چلائے جس کے باعث ایک اور نوجوان 16سالہ محمد یونس شیخ شہید ہوگیا۔