بلوچستان اقتصادی انقلاب کی دہلیز پر کھڑا ہے‘ منصوبے جلد مکمل کیے جائیں‘ صدر ممنون

425
کوئٹہ : صدر مملکت ممنون حسین بلوچستان یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کررہے ہیں

کوئٹہ (آ ن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان اقتصادی انقلاب کی دہلیز پر کھڑا ہے‘ ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں‘ گوادر میں جدید ڈیپ سی پورٹ قائم کی جارہی ہے‘ بلوچ عوام کا احساس محرومی ختم کرنے کے لیے نئے منصوبے شروع کیے‘ پاکستان کی شاندار ترقی اورخوشحالی بلوچستان سے وابستہ ہے۔ گزشتہ روزیہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے کوئٹہ میں جامعہ بلوچستان کے14 ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان نے ایسی بڑی بڑی شخصیات کو جنم دیا ہے جن کے علم، صلاحیتوں اور کارناموں کا دائمی نقش تاریخ کے اوراق پر ثبت ہے‘ وطن عزیز ، خاص طور پر بلوچستان اقتصادی انقلاب کی دہلیز پر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران بلوچستان کے ذہین نوجوانوں، خاص طور پر خواتین نے پبلک سروس کمیشن اور دیگر اعلیٰ مناصب کے لیے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں‘ آگے بڑھنے کا راستہ یہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ گوادر پورٹ اور اقتصادی راہداری سے منسلک دیگر منصوبوں کی صورت میں آپ کو دنیا سے گھل ملنے کے تاریخی مواقع میسرآرہے ہیں‘ موجودہ حکومت بلوچستان کی معدنیات، صنعتی پیداوار، ثقافت و تاریخی ورثے اور سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت ممنون حسین نے جامعہ بلوچستان سے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات میں اسناد اور گولڈ میڈل تقسیم کیے۔