پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک بار پھر مندی کا شکار ہوگئی

323

کراچی( اسٹاف رپورٹر)ایک روزہ تیزی کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک بار پھر مندی کا شکار ہو گئی ،ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 46200پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد300سے زائد پوائنٹس کی کمی سے45600پوائنٹس کی پست ترین سطح پر بند ہوا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے65ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 95کھرب روپے سے گھٹ کر94کھرب روپے پر آگیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر تیزی کا رجحان غالب رہا ،اسٹیل ،بینکنگ ،ریفائنری ،توانائی اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 46000، 46100 اور46200پوائنٹس کی 3نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا بعد ازاں بعض اسٹاکٹس میں فروخت کے دباؤ کی وجہ سے انڈیکس45572پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا تاہم کاروبار کے اختتام سے قبل انڈیکس 45600پوائنٹس کی حد پر بحال تو ہو گیا مگر مارکیٹ منفی زون میں ہی بند ہوئی۔اسٹاک ماہرین کے مطابق ملک میں ایک بار پھر سیاسی پارہ ہائی ہونے سے سرمایہ کار تذبذب کا شکار ہیں اور وہ پرافٹ ٹیکنگ کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ مارکیٹ میں فی الوقت کوئی نیا ٹریگر نہ ہونا بھی مارکیٹ کی تنزلی کا سبب بن رہا ہے ۔ جمعرات کو کاروبار کے اختتام کے ایس ای100انڈیکس میں364.79پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے کے ایس ای100انڈیکس 45998.81پوائنٹس سے کم ہو کر 45634.02 پوائنٹس پر آگیا اسی طرح 226.17پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 23587.99پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 32494.67پوائنٹس سے کم ہو کر 32272.69پوائنٹس ہو گیا ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں65 ارب 19 کروڑ 27لاکھ612ہزار121روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم95 کھرب 43ارب 35کروڑ40لاکھ 26ہزار432روپے سے کم ہو کر94کھرب78ارب 16کروڑ13لاکھ 14ہزار311روپے رہ گیا ۔ جمعرات کے روز اسٹاک مارکیٹ میں 9ارب روپے مالیت کے 17 کروڑ 52لاکھ 69ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو 13کروڑ روپے مالیت کے 21 کروڑ37لاکھ 23ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کے روز مجموعی طور پر 380 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 81 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،277میں کمی اور22کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے ازگارڈ نائن 1کروڑ9لاکھ ،عائشہ اسٹیل مل 95لاکھ89ہزار ،بینک آف پنجاب 95لاکھ ،پاک الیکٹرون 91لاکھ اور پاک ریفائنری کے بھاؤ میں 85لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے مری بریورے کے بھاؤ میں33.71روپے اور ویتھ پاک لمیٹڈ کے بھاؤ میں14روپے کا اضافہ دیکھا گیال۔ جبکہ ہینو پاک موٹرز کے بھاؤ میں 35 روپے اور ایکسائیڈ پاک کے بھاؤ میں23.99روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔