اسلام آباد (اے پی پی) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کیلیے امن و سلامتی کا استحکام نا گزیر ہے، امن اور تعمیری ترقی کا امتزاج ہی ملک کی خوشحالی کا ضامن ہے، پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کے کامیاب تجربات سے سیکھنا ہوگا۔ احسن اقبال سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی ملاقات، دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات پر گفتگو، امریکا کی چوٹی کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبا و طالبات کیلیے مواقع کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے گزشتہ روز سول آرمڈ فورسز کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارتکی۔ اجلاس میں سول آرمڈ فورسز کے اداروں کے اعلیٰ افسران نے وزیر داخلہ کو کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمگنلگ کے عفریت سے ملک کی معاشی ترقی پر منفی اثر پڑتا ہے۔ اسمگلنگ کے سدباب کیلیے مؤثر کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے پاکستان ہی نہیں پورے خطہ کی ترقی کا پیش خیمہ ہوں گے، سی پیک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل سے وابستہ منصوبوں کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔