امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے ایم کیوایم کا استعفوں کو فیصلہ جمہوریت کے لئے نیک شگون نہیں ۔ کہتے ہیں فیصلہ عجلت میں کیا ہوا لگتا ہے ۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا ایم کیوایم کی طرف سے استعفوں کا فیصلہ عجلت میں کیا لگتا ہے اور یہ فیصلہ حیران کن بھی ہے ۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا بظاہر لگتا ہے کہ ایم کیوایم نے پارٹی کے اندرونی معاملات کے باعث استعفے دیئے ہیں تاہم ایم کیوایم کے استعفوں کی وجوہات جاننے کی ضرورت ہے ۔
سینیٹرسراج الحق کا کہنا تھا میں ایم کیوایم کا فیصلہ جمہوریت کیلئے نیک شگون نہیں سمجھتا، ایم کیوایم جلدی میں فیصلہ کرتی ہےاوربعدمیں واپس لےلیتی ہے ۔ امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا ملک کوبڑےچیلنجزدرپیش ہیں ملکر نمٹنےکی ضرورت ہے، ہمارے ملک کو امن وامان کا مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا ملک کو اس وقت توانائی، لوڈشیڈنگ اور غربت کے مسائل درپیش ہیں، عوامی نمائندوں کو مسائل کے ساتھ ساتھ عوامی حقوق کیلئے آواز اٹھانی چاہئے۔