نصف سنچری کے ساتھ لوکیش راہول نے عالمی ریکارڈ برابر کیا 

282

Parvez-Qaiserسید پرویز قیصر
سری لنکا کے خلاف پالے کیلے میں شروع ہوئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز لوکیش راہول نے135 گیندوں پر8 چوکوں کی مدد سے85 رنز بنائے جس کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں لگاتارسب سے زیادہ نصف سنچریوں کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ انکی لگاتار7ویں نصف سنچری تھی اور وہ ایسا کرنے والے چھٹے بلے باز ہیں۔
لگاتار 7 اننگز میں 50 سے بڑی اننگ کھیلنے والے پہلے کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے ایورٹن ویکس تھے جنہوں نے1948-49 میں ایسا کیا تھا۔انہوں نے آسڑیلیا کے خلاف سریز کے آخری ٹیسٹ میں اپنے گھر پر سنچری اسکور کرنے کے بعد بھارت میں سریز کے پہلے 3 ٹیسٹ میچوں میں 4 سنچریاں بنائی تھیں۔ چوتھے ٹیسٹ میں انہوں نے 90 اور5ویں میں56 رنزبنانے کے بعد وہ لگاتار 7 ،50 رنز سے بڑی اننگز کھیلنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ ان سے قبل یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر 4 کھلاڑیوں کے پاس تھا۔
ایورٹن ویکس کے اس ریکارڈ کی برابری زمبابوے کے اینڈی فلاور نے 2000 میں لگاتار 7 اننگزمیں2 سنچریاں اور5 نصف سنچریاں بناکرکی تھی۔ویسٹ انڈیز کے شیو نارائین چندرپال نے بھی 2006 اور 2007 میں لگاتار7 اننگز میں3 سنچریاں اور 4نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔
سری لنکا کے کمار سنگا کارا نے2014 میں لگاتار 7 اننگز میں 3 سنچریاں اور4نصف سنچریاں بناکر عالمی ریکارڈ کی برابری کی تھی۔ وہ اس دوران چٹاگانگ میں بنگلا دیش کے خلاف482 گیندوں پر32 چوکوں اور8 چھکوں کی مدد سے319 رنز بنانے میں بھی کامیاب رہے تھے۔
لوکیش راہول سے قبل لگاتار 7 اننگز میں50 رنزسے بڑی اننگ کھیلنے والے آخری بلے باز آسڑیلیا کے کریس روجرس تھے جنہوں نے 2014 اور2015 میں ایسا کیا تھا۔ بھارت کے خلاف سریز میں 3 ٹیسٹ میچوں میں6 نصف سنچریاں بنانے کے بعد انہوں نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں95 رنز کے شاندار اننگ کھیلی تھی۔
لوکیش راہول آسڑیلیا کے خلاف بنگلور میں ہوئے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے کے بعدرانچی میں واحد اننگ میں 67 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ دھرم شالہ میں بھی وہ دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ کولمبو میں انہوں نے نصف سنچری اسکور کرکے لگاتار نصف سنچریوں کا بھارتی ریکارڈ برابر کیا تھا۔ ان سے قبل لگاتار 6 اننگز میں نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ گنڈپا وشواناتھ ا(1977-78) اور راہول ڈراوڈ (1997-98)کے پاس تھا۔