کینیڈی ٹیسٹ پہلاروز‘ بھارت سری لنکا کیخلاف 6وکٹوں پر 329رنز بنالیے

258
پالے کیلے:سری لنکن بولر پشپاکمار وکٹ حاصل کرنے کے بعد ساتھی کھلاڑی دینش چندیمل سے گلے مل رہے ہیں

کینڈی (جسارت نیوز) شیکھر دھاون کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنا کر جاندار آغاز کیا، وریدھمن ساہا 13 اور ہرڈک پانڈیا 1 رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، بھارتی سورماؤں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو دھاون اور لوکیش راہول میزبان بولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 188 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، دھون نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور سنچری ا سکور کی، دھون 119 اور راہول 85 رنز بنا کر نمایاں رہے، پشپاکمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ گزشتہ روز کینڈی میں شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ میں بھارتی قائد ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو شیکھر دھاون اور لوکیش راہول نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر دیا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف بولرز کا مقابلہ کیا اور ٹیم کو 188 رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا، راہول 85 رنز بنانے کے بعد پشپاکمارا کی گیند پر کرونارتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، 219 کے اسکور پر دھون 119 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد پشپا کمارا کی گیند کا نشانہ بنے، چیتشور پوجارا کا بلا نہ چلا اور وہ صرف 8 رنز بنا کر سنداکن کی گیند پر آؤٹ ہوئے، میتھیوز نے ان کا کیچ لیا، 264 کے اسکور پر بھارت کو چوتھا نقصان برداشت کرنا پڑا جب اجنکیا راہانے 17 رنز بنا کر پشپا کمارا کی گیند پر بولڈ ہوئے، کپتان ویرات کوہلی بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 42 رنز بنا کر سنداکن کی گیند کا شکار بنے، 322 کے اسکور پر بھارت کی چھٹی وکٹ گری جب ایشون 31 رنز بنا کر فرننڈو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 329 رنز بنا لئے تھے، ساہا 13 اور پانڈیا ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پشپاکمارا نے 3، سنداکن نے 2 اور فرننڈو نے ایک وکٹ حاصل کی۔